کراچی: ایم کیو ایم (متحدہ قومی موومنٹ) پاکستان کے مطابق کراچی سمیت ملک بھر میں تمام تر ناجائز تجاوزات کی ذمہ داری حکومت پر عائد ہوتی ہے، قانون کا نفاذ حکومت کا فرض ہے۔
سندھ اسمبلی میں متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے پارلیمانی لیڈر کنور نوید جمیل نے کراچی میں میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کراچی میں تجاوزات کے خلاف آپریشن میں لوگوں کو بے گھر نہ ہونے دیا جائے۔
گفتگو کے دوران ایم کیو ایم (پاکستان) کے سینئر رہنما کنور نوید جمیل نے کہا کہ متحدہ قومی موومنٹ کسی غیر قانونی کام میں ملوث نہیں رہی، ہم پر چائنہ کٹنگ کا کوئی کیس بھی درج نہیں۔
سینئر رہنما کنور نوید جمیل نے کہا کہ ہم ناجائز تجاوزات کے خلاف آپریشن کے مخالفین میں سے نہیں، تاہم تعمیر شدہ گھروں کو منہدم کرنے سے قبل متبادل فراہم کرنا ضروری ہے۔
ایم کیو ایم رہنما نے کہا کہ اگر کراچی میں غیر قانونی گھر تعمیر ہوئے تو یہ دیکھنا ضروری ہے کہ یہ سب کیسے ہوا۔ اعلیٰ عہدوں پر فائز افسران جو بد عنوانی کے مرتکب ہوئے، غیر قانونی گھر انہی کی ملی بھگت سے تعمیر ہوئے۔
کنور نوید جمیل نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا کہ ناجائز تجاوزات کے خلاف آپریشن سے متاثر ہونے والوں کو ریلوے کی زمین پر متبادل جگہ دی جائے۔
انہوں نے کہا کہ جو لوگ رشوت اور ناجائز کمیشن لے کر تعمیرات میں ملوث رہے، ان کے خلاف قانونی کارروائی ہونی چاہئے تاہم عوام کو بے گھر کرنا کسی بھی طرح درست قرار نہیں دیا جاسکتا۔
یاد رہے کہ اس سے قبل پاکستان تحریکِ انصاف شہرِ قائد میں جاری تجاوزات کے خلاف آپریشن پر چپ نہ رہ سکی، پی ٹی آئی کے مطابق بے گناہ عوام شہر میں تجاوزات کے خلاف آپریشن کا نشانہ بن رہے ہیں۔
ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں تحریکِ انصاف کراچی ڈویژن کے رہنما و رکنِ سندھ اسمبلی ارسلان تاج گھمن نے کہا کہ شہر میں جاری تجاوزات کے خلاف آپریشن میں بے گناہ عوام کو نشانہ بنایا جارہا ہے۔
مزید پڑھیں: بے گناہ عوام تجاوزات کے خلاف آپریشن کا نشانہ ہیں۔تحریکِ انصاف