مریدکے: قومی اسمبلی کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے چیئرمین اور مسلم لیگ (ن) کی نگران کمیٹی کے رکن رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ ہر شعبے میں نااہلی کے ریکارڈ توڑنے والی تحریک انصاف کی حکومت نے 16ماہ کے دوران نہ صرف اداروں کو تباہ حال کر دیا ہے بلکہ ملک کو پستی کی طرف لیجا کر عوام کی زندگی عذاب بنا ڈالی ہے۔
مہنگائی کے بے قابو جن نے عوام کو تباہ حالی کا شکار کر دیا اور محدود وسائل کے حامل طبقہ کے سر سے تبدیلی کو بھوت چھلانگ مار کر اتر چکا ہے۔ حکومتی وزراء20فیصد سے زائد مہنگائی کو تسلیم کر تے ہوئے عوام سے منہ چھپاتے پھر رہے ہیں۔کرکٹ بھی ‘عثمان بزداروں’ کے حوالے کر دی گئی ہے اس لیے وہ تباہی کا شکار ہے۔
میڈیا سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے رانا تنویر حسین نے کہا کہ تاریخ کے نااہل ترین حکمران اپنی نا اہلی چھپانے کے لیے پورے ملک کی انتظامیہ کو تبدیل کر رہے ہیں جس سے نہ صرف ملک پر غیر ضروری اخراجات کی مد میں مالی بوجھ بڑھ رہا ہے بلکہ اداروں کی کارکردگی مزید بد ترہو رہی ہے۔
حکومتی کارکردگی پانی نکالنے سے نہیں بلکہ کنویں سے اصل چیز نکالنے سے بہتر ہو گی۔افسران خود کو غیر محفوظ خیال کرتے ہوئے نا اہل حکومت کے دن گن رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایک طرف بھوک اور افلاس کی ماری قوم سڑکوں پر احتجاج کر رہی ہے تو دوسری طرف’درآمد شدہ’مشیروں کے مشوروں سے ٹریفک جرمانوں کی شرح کئی گنا بڑھا کر لوگوںکو سڑکوں پر خود کشیاں کرنے پر مجبور کیا جا رہا ہے۔
لیگی رہنما نے مزید کہا کہ کرکٹ کے ذریعے اقتدار کی کرسی تک پہنچنے والے وزیر اعظم نے کرکٹ سے وابستہ ہزاروں افراد کو فاقوں پر مجبور کر دیا ہے جبکہ ملکی کرکٹ کو زوال پذیر کرکے اسے تاریخ کی ناکام ترین سطح پر لا کھڑا کیا ہے۔
کرکٹ سے نام کمانے والے وزیر اعظم اب جھوٹ بولنے میں نام کما رہے ہیں۔ سپریم کورٹ کی ہدایات کی روشنی میں آئین سازی کے حوالے سے سوال کے جواب میں رانا تنویر حسین نے کہا کہ اگر حکومت اپنا انداز حکمرانی ٹھیک کرے اور ملکی ترقی کے ساتھ ساتھ عام آدمی کی زندگی میں بہتری لانے کی طرف سنجیدہ ہو تو مسلم لیگ( ن) بھر پور تعاون کرے گی۔
رانا تنویر حسین نے کہاکہ نا اہل حکمران ٹولے نے ملک کے معتبر اور معزز اداروں کے احترام کو بھی نقصان پہنچایا ہے جبکہ علماء کرام، سیاسی مخالفین کی کردار کشی کرکے گالی کی سیاست کو فروغ دیا ہے جس کا خمیازہ قوم کو کئی سال تک بھگتنا پڑے گا۔
مزید پڑھیں :کشمیری مائیں اپنے بیٹوں کی لاشیں اُٹھا اُٹھا کر ذہنی توازن کھو رہی ہیں۔مشال ملک