وزیر اعظم کی معاونِ خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ حکومت آزادیِ اظہارِ رائے پر پختہ یقین رکھتی ہے اور ہم میڈیا کی آزادی کے لیے کوشاں ہیں۔
ڈائریکٹر جنرل ڈوئٹشے پیٹر لمبرگ سمیت جرمنی سے تعلق رکھنے والے میڈیا نمائندگان نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں معاونِ خصوصی اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان سے ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران معاونِ خصوصی اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ سوشل میڈیا اظہارِ خیال اور اظہارِ رائے کے طور پر ایک اہم ذریعہ بن کر اُبھرا ہے۔
پیٹر لمبرگ نے تحریکِ انصاف کی حکومت کے ویژن کو سراہتے ہوئے نوجوانوں کو ملکی سرمائے کے طور پر آگے لے جانے کے عمل پر حکومتی نمائندگان کی تعریف کی۔
معاونِ خصوصی اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ حکومت ملک بھر میں آزاد اور ذمہ دارانہ آزادیِ اظہارِ رائے کے فروغ کے لیے کام کرتی رہے گی۔
یاد رہے کہ اس سے قبل وزیرِ اعظم کی معاونِ خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان نے پارلیمان کی ایک سیٹ کے لیے سیاسی رسوائی اٹھائی جبکہ انہیں تسلیاں دی گئیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر گزشتہ روز اپنے پیغام میں معاونِ خصوصی اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کے نئے پلان سیاسی بدحواسی پلان ہیں جبکہ عہدوں کی پیشکش کا بیان خفت مٹانے کے لیے تھا۔
مزید پڑھیں: فضل الرحمان نے پارلیمان کی سیٹ کے لیے رسوائی اٹھائی۔فردوس عاشق اعوان