کراچی کے مختلف علاقوں میں گیس کا بحران بے جا لوڈ شیڈنگ کے باعث شدت اختیار کر گیا جس کے نتیجے میں عوام مشکلات کا شکار ہیں۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے ناظم آباد، شادمان ٹاؤن، کورنگی، اورنگی، اولڈ سٹی ایریا، سائٹ اور ملیر میں گیس کی بد ترین لوڈ شیڈنگ جاری ہے جس کے باعث گھریلو صارفین مختلف مسائل کا سامنا کر رہے ہیں۔
شہرِ قائد کے علاقے پنجاب کالونی، گلشنِ حدید اور شاہراہِ فیصل سمیت مختلف علاقوں میں گیس کے پریشر میں کمی اور لوڈ شیڈنگ کی شکایات عام ہونے کے باعث کچن میں کام کرنے والی گھریلو خواتین پریشانی میں مبتلا ہیں۔
صنعتی علاقوں اور سی این جی اسٹیشنز پر بھی معمول کے علاوہ گیس کی لوڈ شیڈنگ جاری ہے جس کے باعث عوام الناس ٹرانسپورٹ کے مسائل کا شکار ہیں۔ شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ گیس کی بے جا لوڈ شیڈنگ بند کی جائے۔
یاد رہے کہ اِس سے قبل وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ کی عوام کو گیس سے محروم کیا جارہا ہے، گیس کی غیرمنصفانہ تقسیم کا مسئلہ وفاقی حکومت کے سامنے اٹھاؤں گا۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی صدارت میں 3 روز قبل سندھ میں گیس بحران کے حوالے سے اجلاس منعقد کیا گیا، وزیر توانائی امتیاز شیخ، پرنسپل سیکریٹری ساجد جمال ابڑو، سیکریٹری توانائی طارق شاہ اور دیگر رہنماء شریک ہوئے۔
مزید پڑھیں: گیس کی غیرمنصفانہ تقسیم کا مسئلہ اٹھاؤں گا، مراد علی شاہ