اسلام آباد:ایچ بی ایل پی ایس ایل کیلئے مزید چار کھلاڑیوں کو یو اے ای کا ویزہ جاری کردیا گیا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق عمر امین، حماد اعظم، خالد عثمان اور آصف آفریدی کو ویزے موصول ہوگئے،چاروں کرکٹرز کو پہلی دستیاب فلائٹ سے ابوظہبی پہنچیں گے۔
صرف ایک کرکٹر عمران رندھاوا کا ویزہ تاحال جاری نہیں ہوا،جونہی ویزہ جاری ہوگا عمران رندھا کی بھی ابوظہبی روانگی کو حتمی شکل دے دی جائے گی۔
دوسری جانب واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے اعلان کیا ہے کہ ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ 6 کے بقیہ 20 میچز 9جون سے 24 جون تک شیخ زید کرکٹ اسٹیڈیم ابوظہبی میں کھیلے جائیں گے۔جس کے بعد قومی کرکٹ ٹیم 25 جون کو مانچسٹر روانہ ہوجائے گی۔
تفصیلات کے مطابق21 جون کو کوالیفائر اور ایلیمنٹر 1 سمیت ٹورنامنٹ کے بقیہ 20 میچز میں مجموعی طور پر 6 ڈبل ہیڈرز شامل ہیں۔ڈبل ہیڈرز کا پہلا میچ یو اے ای وقت کے مطابق شام 5 بجے(پاکستانی وقت کے مطابق 6 بجے) اور دوسرا رات 10 بجے (پاکستانی وقت کے مطابق 11 بجے) شروع ہوگا۔
جس دن صرف ایک میچ ہوگا، اس روز میچ کا آغاز یو اے ای وقت کے مطابق رات 8 بجے (پاکستانی وقت کے مطابق 9 بجے) ہوگا۔شیڈول کے مطابق ٹورنامنٹ کا مجموعی طور پر 15واں میچ 9 جون کو لاہور قلندرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے مابین کھیلا جائے گا۔
ایونٹ کے آغاز میں تاخیرایسے لاجسٹک اور آپریشنل چیلنجز کی وجہ سے ہوئی جو پی سی بی کے کنٹرول سے باہر تھے۔ پی سی بی نے کھلاڑیوں،فرنچائزز، ایونٹ اورکمرشل پارٹنرز کی سہولت کے پیش نظر اس شیڈول کو قابل عمل بنانے کے لیے انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ سے رابطہ کرکے اسکواڈ کو 25 جون کو انگلینڈ بھیجنے پر اتفاق کیا ہے۔
قومی اسکواڈ میں شامل کھلاڑی اور اسپورٹ اسٹاف 25 جون کو یو اے ای سے مانچسٹر روانہ ہوں گے، جہاں سے وہ ڈربی پہنچ کر ضروری قرنطینہ اور ٹریننگ سیشنز میں حصہ لیں گے۔
قومی کرکٹ ٹیم 6 جولائی کو ڈربی سے کارڈف پہنچے گی،جہاں وہ 8 جولائی کو سیریز کا پہلا ون ڈے انٹرنیشنل میچ کھیلے گی۔شیڈول کے مطابق 3 تا 8 جون تک پریکٹس سیشنز ہونگے،9 جون کو لاہور قلندرز بمقابلہ اسلام آباد یونائیٹڈ ہوگا۔