رانی پور: سندھ پولیس نے فاطمہ قتل کیس میں کارروائی کرتے ہوئے ملزم پیر کی حویلی سے مزید 4بچیوں کو بازیاب کرانے کے بعد سابق ایم ایس رانی پور کو گرفتار کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پولیس نے رانی پور پہنچ کر 4 بچیاں بازیاب کرائیں۔ آپریشن کی قیادت ایس ایس پی خیر پور روحیل کھوسو نے کی۔ حویلی میں کمسن بچیوں سے محنت و مشقت لینے کے ساتھ ساتھ انہیں تشدد کا نشانہ بنائے جانے کے انکشافات سامنے آگئے۔
دس سالہ فاطمہ کی قبر کشائی، تشدد اور زیادتی کی تصدیق
سندھ پولیس کا کہنا ہے کہ بچیوں کو مکمل تحفظ فراہم کرتے ہوئے قانونی کارروائی کے بعد لواحقین کے حوالے کردیا جائے گا۔ ایس ایس پی خیرپور کا کہنا ہے کہ کیس کی مزید تفتیش کیلئے سابق ایم ایس رانی پور کو گرفتار کیا گیا ہے جن سے پوچھ گچھ ہوگی۔
ایس ایس پی خیرپور نے کہا کہ سابق ایم ایس رانی پور علی حسن وسان نے فاطمہ تشدد کیس کو چھپانے اور لواحقین کو ان کی بچی فاطمہ کو رات کے وقت ہی دفن کردینے کا نہ صرف کہا بلکہ شب کے وقت ایمبولینس بھی فراہم کردی تھی۔