لاہور:پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نواز شریف کو 16روز کے بعد سروسز اسپتال سے ڈسچارج کر دیا گیا جس کے بعد انہیں شریف میڈیکل کمپلیکس کی بجائے ان کی رہائشگاہ جاتی امراء منتقل کر دیا گیا جہاں ان کے لئے انتہائی نگہداشت یونٹ کی طرز پر خصوصی کمرہ تیار کیا گیا ہے۔
نواز شریف کی ایمبولینس اسپتال سے باہر آتے ہی کارکنوں نے شیر شیر کے نعرے لگائے اور پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں ، ضمانت پر رہائی کی روبکار جاری ہونے کے بعد مریم نوازبھی اپنے والد کے ہمراہ اسپتال سے اپنی رہائشگاہ کیلئے روانہ ہو گئیں ۔
علاج معالجے کے لئے قائم میڈیکل بورڈ نے گزشتہ روز نواز شریف کا دوبارہ تفصیلی معائنہ کیا اور مستقبل میں ان کا علاج کرنے والے ڈاکٹروں کی ٹیم کو انہیں دی جانے والی ادویات اور ٹیسٹوں کے حوالے سے بریفنگ دی۔
اس موقع پر ان کے چھوٹے بھائی شہباز شریف ، ان کی صاحبزادی مریم نواز، داماد کیپٹن (ر ) محمدصفدر سمیت دیگر اہل خانہ بھی موجو دتھے۔ نواز شریف کو شریف میڈیکل کمپلیکس کی ایمبولینس کے ذریعے ان کی رہائشگاہ جاتی امراء منتقل کر دیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: مریم نواز 2 کروڑ کے ضمانتی مچلکے جمع کروانے کے بعد ضمانت پر رِہا