کراچی: پاکستان مسلم لیگ( ن)سندھ جنرل سیکرٹری اور سابق وفاقی وزیر خزانہ ڈاکٹرمفتاح اسماعیل نے کہاہے کہ حکومت ایف بی آر کو نیب بنارہی ہے،گرفتاری کے اختیارات سے ریونیو نہیں ہراسانی بڑھے گی،امریکہ کے ذریعے آئی ایم ایف سے شرائط منوانا قوم کے لئے اچھا ثابت نہیں ہوگا،عالمی اداروں نے امدادی فنڈروک لیے ہیں، شہباز شریف نے عمران خان کو یوٹرن کروا دیا ہے، آنے والے دنوں میں پٹرولیم منصوعات مزید مہنگی ہونگیں، پٹرولیم مصنوعات پر 27 روپے اضافے سے اشیا ء خوردونوش کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافہ ہو جائیگا۔
ان خیالات کا اظہار سابق وزیر خزانہ نے مسلم لیگ ہاؤس کارساز میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ مسلم لیگی رہنما خواجہ طارق نذیر،علی اکبر گجر، ناصر الدین محمود، ندیم آرائیں، طارق محمود،علامہ فرقان شیخانی اوردیگربھی موجود تھے۔
مفتاح اسماعیل نے کہاکہ ملک میں آئی ایم ایف اور ورلڈ بنک نے قرضے دینے بند کر دیئے ہیں، ملازمین کے الائونس سے ٹیکس لینے کی مذمت کرتے ہیں، حکومت میڈیکل الائونس کی مد میں ٹیکس لے رہی ہے، حکومت کی ترجیحات تنخواہ دار اور کاروباری شخصیات کے لیے الگ ہے۔
مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ تمام صوبوں سے 11 ارب روپے سرپلس آ رہا ہے، 570 ارب کے تخمینے پر حکومت کو غور کرنا چاہیے۔ ملازمین کے الائونس سے ٹیکس کا خاتمہ کیا جائے۔ انہوں نے کہاکہ حکومت ایف بی آر کو نیب بنانا چاہتی ہے ،اسسٹنٹ کمشنر کو یہ طاقت دے رکھی ہے کہ وہ کسی بھی کاروباری شخص کو حراست میں لے سکتا ہے، پاور آف اریسٹ 16،17 گریڈ کے افسر کو نہیں دینا چاہئے، ایف بی آر کو یہ پاور نہیں دینا چاہیئے۔ ایف بی ار کو نیب بنانے کی مذمت کرتے ہیں اس اقدام سے بزنس مین ہراساں ہونگے، کاروباری طبقہ پہلے ہی بجلی گیس کے نرخ کے نیچے دبا ہوا ہے۔
مفتاح اسماعیل نے کہاکہ ایف بی آر میں 700 ارب روپے کے ٹیکس انکم ریٹرن موجود ہیں، وہ آج تک واپس نہیں دیے،20 ارب لیٹر ڈیزل اور پیٹرول پاکستان میں سالانہ بکتا ہے اگلے چند دنوں میں 27 روپے پیٹرول اور ڈیزل میں اضافہ ہونے جا رہا ہے۔
انہوں نے کہاکہ عام آدمی کی آمدن میں کمی اور اخراجات میں اضافہ ہوا، ماہانہ 17فیصد مہنگائی ہوگی تو غریب آدمی کا کیا ہوگا،عمران خان نے ا حتساب کے عمل کو نقصان پہنچایا ہے،عمران خان نے احتساب نہیں صرف ظلم کیا، کسی عام آدمی کی آمدن نہیں بڑھی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : ایس ایس جی سی کی وعدہ خلافی، سائٹ کراچی کی صنعتوں کی گیس2دن بعد بھی بحال نہ ہوسکی