اسلام آباد:پاکستان نے بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو دفتر خارجہ طلب کرکے بھارتی فوج کی جانب سے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر بلااشتعال فائرنگ پر احتجاج ریکارڈ کروایا۔
دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق ترجمان ڈاکٹر محمد فیصل نے بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر گورو اہلووالیا کو دفتر خارجہ طلب کیا اور بھارت کی جانب سے لائن آف کنٹرول کے نیزہ پور سیکٹر میں 15 اکتوبر کو بھارتی فوج کی جانب سے جنگ بندی کے معاہدے کی خلاف کی شدید مذمت کی۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے سیکٹر نیزا پور کے مختلف گاؤں میں بھارتی فوج کی بلا اشتعال شیلنگ سے ایک ہی گھر کے 3 افراد شہید اور 8 زخمی ہوگئے تھے۔
ڈاکٹر فیصل نے کہا کہ بھارتی افواج مسلسل ایل او سی اور ورکنگ باؤنڈری پر 2003 کے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزیاں کر رہی ہیں، بھارت کی مسلسل خلاف ورزیوں سے علاقائی امن و استحکام کو خطرات لاحق ہو رہے ہیں اور یہ خلاف ورزیاں کسی بھی تزویراتی غلطی کا باعث بن سکتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے جنگ بندی معاہدے کی کی خلاف ورزی میں غیر معمولی اضافے کا سلسلہ 2017 سے جاری ہے اور ایک ہزار 970 بار خلاف ورزیاں کی جاچکی ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ نے بیان میں بھارت کو اپنی مسلح افواج کو جنگ بندی معاہدے کا احترام کرنے کا کہا اور ورکنگ باؤنڈری اور ایل او سی پر امن کو بحال رکھنے کا پابند بنانے کی ہدایت کی۔