اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ افغانستان میں امن کے لیے پاکستان کا مثبت کردار اور کوششیں کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ہیں۔ افغان صدر اشرف غنی کے الزامات کا سلسلہ جاری ہے مگر ہمارا رویہ پھر بھی مثبت ہی ہے۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ہم افغانستان میں بہترین امن چاہتے ہیں، افغان امن عمل میں ہمارا کردار ہمیشہ مثبت رہا ہے۔ آج دنیا افغانستان میں قیام امن کیلئے پاکستان کی مصالحانہ کوششوں کو سراہ رہی ہے، جبکہ افغان حکام حالات کی ذمہ داری پاکستان پر ڈالنے کی کوشش کررہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ امن کیلئے ہماری کوششیں ہمیشہ جاری رہیں گی، ہمارا افغانستان میں کوئی فیورٹ نہیں ہے۔ افغانستان کا اگر فوجی حل ہوتا تو وہ نکل چکا ہوتا۔ افغانستان میں جتنا امن کا عمل بڑھا، وہ ہماری کوششوں سے بڑھا ہے۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ ہم افغانستان کے تمام ہمسایوں سے رابطے میں ہیں۔ ہم مل کر ایک مربوط حکمت عملی بنانا چاہتے ہیں۔ خطے میں تمام ممالک کو مل کر قیام امن کیلئے مشترکہ کاوشیں بروئے کار لانا ہوں گی۔
انہوں نے کہا کہ افغانستان میں تشدد میں اضافے پر ہمیں تشویش ہے۔ ہم نہیں چاہتے کہ کوئی بزور بازو افغانستان میں مسلط ہو۔ ہم افغانستان کے معاملات میں مداخلت نہیں چاہتے۔ اچھے ہمسائے کا کردار ادا کرنے کیلئے تیار تھے اور ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: پی ڈی ایم کا ایک مرتبہ پھر حکومت کے خلاف ملک گیر تحریک چلانے کا اعلان