لاہور: گیارہویں سہ روزہ انٹیریئرز پاکستان نمائش میں شرکت کے لئے چین ، ترکی ، تائیوان ، تھائی لینڈ اور دیگر ممالک کی فرنیچر کی صنعت سے وابستہ وفود ایک ہفتہ کے دورے پر پہنچنا شروع ہوگئے ہیں جو یہاں 22 نومبر سے شروع ہوگی۔
چیف ایگزیکٹو پاکستان فرنیچر کونسل (پی ایف سی) میاں کاشف اشفاق نے منگل کو نمائش کے حتمی انتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ تمام غیر ملکی وفود کے بورڈنگ ، قیام اور سفر کے اخراجات پی ایف سی برداشت کر رہی ہے اور ان کی سہولت کے لئے غیر معمولی انتظامات کیے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ان وفود کو دعوت دینے کا بنیادی مقصد غیر ملکی سرمایہ کاروں اور درآمد کنندگان کو ہاتھ سے تیار کردہ لکڑی کی بہترین فرنیچر مصنوعات سے متعارف کرانا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ معلومات تک فوری رسائی کو یقینی بنانے کے لئے پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کے لئے خصوصی ڈیسک قائم کیا گیا ہے۔ میاں کاشف نے کہا کہ صف اول کی 100 سے زائد مقامی کمپنیاں اور انٹیریئر ڈیزائنرز اس موقع پر اپنی مصنوعات کی نمائش کریں گے۔
مزید پڑھیں : غیر ملکی خریدار بھارتی پروپیگنڈے کے باوجود پاکستانی کارپٹ نمائش میں آئے،تاجر برادری