لاہور: صوبہ پنجاب کے مختلف شہروں میں شدید دھند کے باعث حدِ نگاہ بری طرح متاثر ہے جبکہ لاہور ملتان موٹر وے فیض پور سے عبدالحکیم کے مقام تک بند کردی گئی۔
تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب کے مختلف شہروں میں دھند نے ڈیرے ڈال دئیے ہیں جبکہ قومی شاہراہ بھی دھند کے باعث کئی مقامات پر بند ہے۔ حدِ نگاہ 30 سے 150 میٹر تک ہے جس کے باعث حادثات کا خدشہ بڑھ گیا۔
موٹر وے پولیس نے شہریوں سے بلا ضرورت سفر نہ کرنے کی اپیل کرتے ہوئے عوام کو فوگ لائٹس استعمال کرنے کی ہدایت کی ہے۔ شدید دھند کے باعث سڑکوں پر آمدورفت میں عوام کو مسلسل مشکلات کا سامنا ہے۔
یاد رہے کہ اِس سے قبل بھی ملک بھر کے مختلف علاقوں میں کہر اور دھند کے باعث حدِ نگاہ 10 سے 100 میٹر رہ گئی تھی، آمدورفت کی مشکلات اور حادثوں کے خدشات میں اضافہ ہوا۔
پاکستان کے مختلف علاقوں میں 4 روز قبل بھی دھند برقرار رہی، لاہور ملتان موٹر وے پر شدید دھند اور کسول، میاں چنوں، لودھراں، خانیوال اور بہاولپور کے علاقے خاص طور پر دھند کی لپیٹ میں رہے۔
مزید پڑھیں: مختلف علاقوں میں دھند کے ڈیرے، حدِ نگاہ 10 سے 100 میٹر رہ گئی