اسلام آباد: وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان نے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر یوکرین میں پھنسے ہوئے بھارتی طلبہ و طالبات کی مدد کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق اپنے حالیہ بیان میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ آپ نے وہ ویڈیو ضرور دیکھی ہوگی جس میں بھارتی طلبہ کو کھانا دیا گیا اور پاکستانی سفارت خانے نے ان کی دیکھ بھال کی۔ وہ بچے تھے جو پریشانی اور دباؤ میں تھے۔
اسلام آباد، آزاد کشمیر کے ایڈہاک سرکاری ملازمین کا دھرنا دوسرے روز میں داخل
بھارتی طلبہ کا ذکر کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہم نے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر جو ہوسکتا تھا، بھارتی طلبہ کیلئے کیا۔ میں نے رومانیہ، ہنگری اور پولینڈ کے وزرائے خارجہ سے پاکستانی طلبہ کیلئے بات چیت کی۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ رومانیہ، پولینڈ اور ہنگری کے وزرائے خارجہ نے یوکرین سے پاکستانی طلبہ کو نکالنے کیلئے اپنے تعاون کی یقین دہانی کروائی ہے۔ میں نے رومانیہ کے وزیر خارجہ سے تنازعے کی تازہ ترین صورتحال کی معلومات لیں۔
انہوں نے رومانین ہم منصب سے رابطے کے متعلق کہا کہ رومانیہ کی یوکرین کے ساتھ منسلک سرحد 400 میل طویل ہے اور میری اور رومانین وزیر خارجہ کی گفتگو جنگ زدہ علاقوں سے نکلنے کے خواہش مند پاکستانی طلبہ کی مدد پر مرکوز رہی۔
واضح رہے کہ سوشل میڈیا پر پاکستانی اور بھارتی طلبہ کی ایک کیفے ٹیریا میں بیٹھ کر کھانا کھاتے ہوئے ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی ہیں جن کے متعلق وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستانی سفارت خانے نے بھارتی طلبہ کی مدد انسانی ہمدردی کی بنیاد پر کی۔