اسلام آباد: نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں سیلاب سے مزید 30 سے زائد افراد جاں بحق ہوئے جس سے اموات کی مجموعی تعداد 1 ہزار 162 تک جا پہنچی جبکہ 3 ہزار 554 شہری زخمی ہوئے۔
تفصیلات کے مطابق این ڈی ایم نے ملک بھر میں بارشوں اور سیلاب کے باعث ہونے والے جانی ومالی نقصان کی رپورٹ جاری کردی۔ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ بارش اور سیلاب سے بلوچستان میں 249 افراد جاں بحق ہوئے۔
وزیر اعظم سوات اور لوئر کوہستان کے دورے کیلئے روانہ
این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ پنجاب میں سیلاب کے باعث 187 افراد جاں بحق ہوئے جبکہ خیبر پختونخوا میں اموات کی تعداد 257 تک جا پہنچی۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں سیلاب کے باعث 36 افراد جان کی بازی ہار گئے۔
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی رپورٹ کے مطابق آزاد جموں و کشمیر میں سیلاب کے باعث 41 افراد جاں بحق ہوئے جبکہ گلگت بلتستان میں 22 افراد انتقال کر گئے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں سیلاب کے باعث ملک بھر میں مزید 1 ہزار 941افراد زخمی ہوئے۔
رپورٹ کے مطابق ملک بھر میں بارشوں کے باعث 7 لاکھ 30 ہزار 383 مویشی ہلاک ہوئے۔ بلوچستان میں سیلاب سے 1000 کلومیٹر پر مشتمل شاہراہیں متاثر ہوئیں اور 18 پلوں کو بھی نقصان پہنچا۔ سندھ میں 2 ہزار 328 کلومیٹر شاہراہیں اور 60 پل متاثر ہوئے۔
پنجاب میں سیلاب کے باعث 130 جبکہ خیبر پختونخوا میں 1 ہزار 589 کلومیٹر سڑکیں متاثر ہوئیں۔ 84 پلوں کو بھی نقصان پہنچا۔ گلگت بلتستان میں 16 کلومیٹر شاہراہیں اور65 پل متاثر ہوئے۔ سیلاب میں پھنسے ہوئے لوگوں کو ریسکیو کرنے کیلئے کارروائی جاری ہے۔