واشنگٹن: دنیا کے پہلے 4 خلائی سیاحوں نے زمین چھوڑ دی، اسپیس ایکس کا خلائی جہاز تاریخ رقم کرتے ہوئے خلا کی طرف روانہ ہوگیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اسپیس ایکس کی خلائی شٹل انسپائریشن میں 4 عام خلائی سیاح سوار ہیں جو اڑان بھر چکی ہے۔ چاروں سیاح پہلی بار زمین کے گرد کسی سٹیلائٹ کی طرز پر چکر لگائیں گے۔
امریکی ریاست فلوریڈا میں خلائی تحقیقاتی ادارے (ناسا) کے کینیڈی اسپیس اسٹیشن سے اسپیس ایکس کی خلائی شٹل انسپائریشن کو روانہ کیا گیا۔ خلائی سیاح 3 روز تک زمین سے باہر قیام کریں گے۔
انسپائریشن 4 نامی مشن کے تحت زمین کے مدار میں پہنچنے کے بعد اگلے 3 روز میں خلائی عملہ 60 مرتبہ زمین کا چکر لگائے گا۔ ایک روز میں زمین کے 15 چکر مکمل کیے جائیں گے۔
اسپیس ایکس کی خلائی شٹل کی رفتار زمین کے مدار میں 27 ہزار 360 کلومیٹر فی گھنٹہ ہوگی. ایک چکر مکمل کرنے کیلئے 90 منٹ کا وقت لگے گا۔ زمین کے گرد رفتار آواز کے مقابلے میں 22گنا زیادہ ہوجائے گی۔
خیال رہے کہ اِس سے قبل کامیابی سے لینڈ ہونے کے بعد اسپیس ایکس کا اسپیس کرافٹ اچانک دھماکے سے پھٹ کر تباہ ہوگیا۔
آج سے 6 ماہ قبل اسپیس ایکس کا اسٹار شپ ایس این 10 پروٹوٹائپ اسپیس کرافٹ جس نے امریکی ریاست ٹیکساس سے پرواز شروع کی تھی، زمین پر واپس آگیا۔
اسٹار شپ کی کامیاب لینڈنگ پر وہاں موجود عملے نے خوشیاں منانا شروع کردی تھیں، مگر تھوڑی دیر بعد ہی وہ دھماکے سے ہزاروں ٹکڑوں میں تقسیم ہوگیا۔
مزید پڑھیں: اسپیس ایکس کا اسٹار شپ راکٹ دھماکے سے تباہ ہوگیا