پنجگور میں فائرنگ، ڈیم کی دیکھ بھال کرنے والے 5افراد جاں بحق

مقبول خبریں

کالمز

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

پنجگور میں فائرنگ
(فوٹو: ایکسپریس نیوز)

کوئٹہ: صوبہ بلوچستان کے ضلع پنجگور میں نامعلوم افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں ڈیم کی دیکھ بھال کرنے والے 5افراد جاں بحق ہوگئے ہیں۔

نجی ٹی وی ایکسپریس نیوز کی رپورٹ کے مطابق فائرنگ کا یہ واقعہ پنجگور کے علاقے پروموم میں پیش آیا۔ ترجمان بلوچستان حکومت کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے نتیجے میں 5افراد جاں بحق جبکہ 2 زخمی ہوگئے تاہم زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

رپورٹ کے مطابق واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس اور ضلعی انتظامیہ کے حکام جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔ لاشوں اور زخمیوں کو مقامی ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ پنجگور پولیس نے فائرنگ کے واقعے پر تفتیش کا آغاز کردیا۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کا فائرنگ کی مذمت کرتے ہوئے کہنا ہے کہ دہشت گردی ایک قابلِ مذمت اور ناقابلِ معافی جرم ہے، دہشت گرد ملک کی ترقی اور امن و استحکام کے مخالف اور دشمن عناصر کے پیروکار ہیں۔

سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں قیامِ امن اور ترقی دشمن کی آنکھوں میں کھٹک رہی ہے، حکومت دہشت گردوں کو مذموم عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہونے دے گی، ناحق خون کا حساب لیں گے، دہشت گردوں کو چھوڑا نہیں جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گرد بزدل افراد دہیں جنہوں نے رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے معصوم افراد کو اپنا نشانہ بنایا۔ ملوث دہشت گردوں کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔

Related Posts