منی پاکستان کہلانے والے سندھ کے دارالحکومت کراچی کیلئے سب سے بڑے ترقیاتی منصوبے کا حتمی فریم ورک تیار ہوگیا جسے کراچی ٹرانسفارمیشن پلان کا نام دیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیرِ اعظم عمران خان کی ہدایات پر حکومت آئندہ 3 برس میں شہرِ قائد کے بڑے ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کیلئے 7 کھرب 39 ارب روپے کی رقم فراہم کرے گی۔
وزیرِ اعظم کی معاشی و اقتصادی ٹیم سپریم کورٹ کے پلیٹ فارم سے بحریہ ٹاؤن سے ریکور کی گئی جرمانے کی رقم شہرِ قائد پر خرچ کرنے کی سفارش کرچکی ہے جس سے منصوبوں میں تیزی لائی جائے گی۔
دوسری جانب معاشی ٹیم نے یہ سفارش بھی کی کہ مالیات کے عالمی اداروں سے بھی فنڈز حاصل کرکے کراچی ٹرانسفارمیشن پلان پر لگائے جائیں۔ حکومت بے گھر شہریوں کو بحال کرنے کا فیصلہ کرچکی ہے۔
فیصلے کے تحت زمین سندھ حکومت سے حاصل کی جائے گی جبکہ فنڈز وفاق فراہم کرے گا جن کے استعمال سے کثیر المنزلہ فلیٹس کی تعمیر کی جائے گی جو بے گھر افراد کو چھت فراہم کریں گے۔
کراچی ٹرانسفارمیشن پلان کے تحت شہرِ قائد میں ناجائز تجاوزات کو مکمل طور پر ختم کرنا اور ندی نالوں کی صفائی کے کام سندھ حکومت کو دیئے جائیں گے جبکہ پلان کے منصوبوں پر فوری ایکشن کیلئے قومی اداروں کو استعمال کیا جائے گا۔
مذکورہ قومی اداروں میں نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے)، وزارتِ آبی وسائل، وزارتِ ریلوے اور ایس آئی ڈی سی ایل شامل ہیں۔ گریٹر کراچی واٹر سپلائی منصوبہ، کراچی سرکلر ریلوے اور گرین لائن بس منصوبہ بھی ٹرانسفارمیشن پلان کا حصہ ہے۔
تحریکِ انصاف کو کراچی کے عوام نے انتخابات میں ڈھیروں ووٹس دئیے، پی ٹی آئی کی وفاقی حکومت کے پی ٹی سے پپری تک دوہری ریلوے لائن کے ٹریک کیلئے فنڈز فراہم کرے گی، حتمی فریم ورک اقتصادی رابطہ کمیٹی کل منظور کرے گی۔
یاد رہے کہ اِس سے قبل وزیر اعظم عمران خان نےکراچی کیلئے 11سوارب روپے کے ٹرانسفارمیشن پلان کا اعلان کیا جس کے منصوبے ایک سال ،دو سال اور تین سال میں مکمل کیے جائیں گے۔
وزیر اعظم عمران خان نے شہر کے بارش سے متاثرہ علاقوں کی فضائی نگرانی کی۔ انہوں نے گورنر ہاؤس میں 5 ستمبر کو کراچی کوآرڈی نیشن کمیٹی کے اجلاس کی صدارت میں ترقتای منصوبے کا جائزہ لیا۔
مزید پڑھیں: وزیراعظم کا 1100 ارب کے کراچی ٹرانسفارمیشن پلان کا اعلان