اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف اور وفاقی وزراء رانا ثناء اللہ اور مریم اورنگزیب نے میرانشاہ خودکش دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے دہشت گردی کے نتیجے میں شہادتوں پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق میرانشاہ کے جنرل ایریا میں خودکش دھماکے کے نتیجے میں پاک فوج کا حوالدار محمد امیراور ایک شہری شہید جبکہ 9افراد زخمی ہوئے۔ وفاقی وزراء نے شہداء کے اہلِ خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا۔
چیک پوسٹ پر خودکش حملہ، پاک فوج کا جوان اور شہری شہید
وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ مسلمانوں پر خودکش حملے کرنے والے مسلمان نہیں ہوسکتے، یہ دشمنوں کے دست و بازو پاکستان کو عدم استحکام کا نشانہ بنانا چاہتے ہیں۔ خون کی ہر بوند کا حساب لیا جائے گا۔
وفاقی وزیرِ داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں امن و امان کی صورتحال پر تشویش ہے۔ دہشت گردوں کا پیچھا کریں گے۔ سکیورٹی فورسز دہشت گردی کا بھرپور جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔
وزیرِ داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ قوم اپنی سکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے۔ وفاقی وزیرِ اطلاعات مریم اورنگزیب نے بھی حوالدار محمد امیر اور شہری کی شہادت پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ دہشت گردی کی بزدلانہ کارروائیاں ہمارے حوصلے پست نہیں کرسکتیں۔ دہشت گردی کے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔