آرمی چیف کے ساتھ تاجر برادری کی ملاقات انتہائی بہترین ماحول میں ہوئی، حماداظہر

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

اسلام آباد : وفاقی وزیر برائے معاشی امور حماد اظہر نے کہاہے کہ صنعتکاروں کی آرمی چیف سے شکایتوں کے انبار کی خبر میں صداقت نہیں، آرمی چیف کے ساتھ تاجر برادری کی ملاقات انتہائی بہترین ماحول میں ہوئی۔ تمام ادارے اس وقت ایک پیج پر ہیں، تمام ادارے مل کر پانچ سال میں ملک کو عظیم بنائیں گے۔

لاہور میں صوبائی وزیراطلاعات پنجاب اسلم اقبال کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے حماد اظہر نے بتایا کہ آرمی چیف کی طرف سے پیغام دیا گیا ہے کہ ملکی استحکام کو خطرے میں ڈالنے نہیں دیا جائے گا، اس وقت تمام ادارے ایک پیچ پر اور قومی مقاصد کے لیے ہم آہنگ ہیں۔

حماد اظہر کا کہنا تھا کہ انصاف کارڈ وزیر اعظم پاکستان عمران خان صاحب کا وعدہ تھاجس کا آغاز لاہور سے کررہے ہیں، انصاف کارڈ کے حامل افراد 7 لاکھ 20 ہزار تک کا علاج نجی اسپتالوں میں کرواسکیں گے۔

حماد اظہر نے واضح کیا کہ انصاف کارڈ کی سہولت80 لاکھ خاندانوں کو فراہم کی جائے گی جبکہ صرف لاہور میں ساڑھے 4 لاکھ گھروں کو کارڈ کا اجراء کیا جائے گا، ان کا کہنا تھا کہ نصاف صحت کارڈبلاتفریق کسی بھی شخص کودیاجائےگا۔

انہوں نے کہا کہ  جب اقتدار ملا تو حالات انتہائی خراب تھے،  ہمیں ملکی مفاد میں سخت فیصلے کرنے پڑے۔ زرمبادلہ کے ذخائر نون لیگ کی حکومت کے آخری سترہ ماہ میں آدھے رہ گئے تھے،10 ارب ڈالر کے قرضے واپس کیے جس سے معیشت مضبوط ہوئی،آج روپیہ بھی مستحکم ہے جبکہ خزانہ اب سوچ رہا ہے کہ مجھے لوٹنے کوئی نہیں آیا۔

انہوں نے کہا کہ معیشت میں استحکام آگیا ہے، ہمارے دور میں معاشی رفتار سب سے تیز نظر آئے گی، ہم مصنوعی تیزی کی طرف نہیں جائیں گے، زراعت کی ترقی پاکستان کی ترقی ہے، زراعت وفاق کے زیرانتظام نہیں لیکن پھر بھی 250ارب کے قریب رکھے ہیں۔

حماد اظہر نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کے دھرنے میں مدرسے کے بچوں کو شامل نہیں کرنا چاہیئے، مدارس کےبچوں کو سیاسی ہتھکنڈوں میں استعمال ہونےنہیں دیں گے۔

وفاقی وزیر برائے معاشی امور کا کہنا تھا کہ 29ممالک سےڈیٹاآیاہے،ابھی بھی پاکستانیوں کے11ارب ڈالرباہرہیں،سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈارنےاسمبلی فلورپرخود کہاتھا200ارب ڈالربیرون ممالک پڑےہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ آرمی چیف کے ساتھ صنعت کاروں کی ملاقات ایک بہترین ملاقات تھی۔ جو لوگ وہاں موجود تھے وہ خوش واپس گئے ہیں۔ تمام ادارے ایک پیج پر ہیں اور مقاصد حاصل کرنے کے لئیے ایک ہیں۔

اس موقع پر صوبائی وزیر اطلاعات میاں اسلم اقبال نے کہا کہ مخالفین کے اسکینڈل رک نہیں رہے، ہماری حکومت کا ایک بھی اسکینڈل دکھا دیں۔ ریفارمز کے بغیر معاملات ٹھیک نہیں ہوں گے۔ جب اسپتالوں میں آڈٹ کروایا گیا تو پتا لگا کہ تینتیس دن ڈاکٹرز اسپتال نہیں آتے۔

اسلم اقبال نے کامزید کہنا تھا کہ ایم ٹی آئی آرڈیننس میں وزیروں کا، وزیراعظم کا کوئی فائدہ نہیں۔ ہم اپنے گھروں کے گرد بم پروف دیواریں تعمیر نہیں کرا رہے۔ جسے بھی عوامی مفاد کے منصوبوں پر اعتراض ہے وہ سڑکوں پرنکلنے کی بجائے حکومت سے بات کرے۔