اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات نے کہا ہے کہ چاند کی رویت سے متعلق حتمی فیصلہ حکومت کی ہلال کمیٹی کرے گی۔
کابینہ اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ حکومت نے چاند دیکھنے کے حوالے سے نئی قانون سازی ہے جس کے تحت ملک میں نجی کمیٹیوں کے چاند دیکھنے پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات کا کہنا تھا کہ چاند سے متعلق جو فیصلہ ہلال کمیٹی یا حکومت کرے گی وہی حتمی تصور کیا جائے گا۔
کمیٹیوں کی تشکیل کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ چاند دیکھنے کے لیے وفاق کے علاوہ صوبائی سطح اور ضلعی سطح پر کمیٹیاں بھی تشکیل دی جائیں گی۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ وفاقی کابینہ نے رویت ہلال کے حوالے سے قوانین کی اصولی منظوری دی ہے،قوانین میں رویت کی غیر مصدقہ اطلاع دینے پر جرمانے بھی شامل ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پہلی بار محکمہ موسمیات، سپارکو ، وفاقی وزارت سائنس و ٹیکنالوجی اور وزارت مذہبی امور کو بھی کمیٹی میں شامل کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : شاہ محمود قریشی کی برطانوی ہم منصب سے ملاقات، مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر ڈوزیئر پیش