کراچی :سندھ کے وزیر صنعت و تجارت اور محکمہ امداد باہمی و انسداد بدعنوانی جام اکرام اللہ دھاریجو نے وفاقی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ کے بار بار نشاندھی کرنے کے باوجود وزیر اعظم عمران خان نے کرونا وائرس کے مسئلے سے نمٹنے کے لئے کوئی سنجیدہ اقدام نہیں اٹھایا۔
یہاں تک کہ انہوں نے وزیراعلیٰ سندھ کی ٹیلی فون کال بھی اٹھانے کی زحمت گوارا نہیں کی اور وزیر اعظم عمران خان اور ان کی ٹیم کی نااہلی پاکستان میں کورونا وائرس پھیلانے کا سبب بنی جمعرات کو یہاں جاری ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ یورپ اور امریکہ کورونا وائرس کے خلاف برسرپیکار ہیں اور حکومت سندھ اپنے وسائل میں رہتے ہوئے اس مہلک وائرس کے ممکنہ پھیلاؤ کو روکنے کے لئے ہر ممکن قدم اٹھا رہی ہے لیکن یہ کہتے ہوئے افسوس ہوتا کہ وفاقی حکومت گذشتہ ایک ماہ سے خواب خرگوش کے مزے لے رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ کرونا وائرس کے سنگین مسئلے کی طرف وفاقی حکومت کی توجہ مبذول کروانے کی پوری کوشش کر رہے ہیں لیکن اس مسئلے پر کوئی توجہ نہیں دی گئی اور مسافروں / زائرین کی مناسب جانچ پڑتال سرحدی چوکیوں اور ہوائی اڈوں پر نہیں کی گئی جو کلی طور پر وفاقی حکومت کی ذمہ داری ہے۔
مزید پڑھیں:کورونا وائرس: حکومت سندھ کا ایکسپو سینٹر میں فیلڈ اسپتال کے قیام کا منصوبہ