جامعہ کراچی میں HEJکا اسپیشل آڈٹ بھی سفارش کی نذرہونے کا خدشہ

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

کراچی: جامعہ کراچی میں حسین ابراہیم جمال ریسرچ انسٹیٹیوٹ کے خصوصی آڈٹ کی تیاری کر لی گئی ہے، ماضی میں کراچی یونیورسٹی کے اس با اثر ادارے کا آڈٹ کرنے والے افسران نذرانے لے کر “سب اچھا”  کی رپورٹ دیتے رہے ہیں، خدشہ ہے کہ ایک بار پھر ادارے کا آڈٹ سفارش کی نذر ہوجائے گا۔

تفصیلات کےمطابق جامعہ کراچی میں قائم با اثر انسٹیٹیوٹ سمجھے جانے والے حسین ابراہیم جمال ریسرچ انسٹیٹیوٹ (ایچ ای جے) بین الاقوامی مرکز برائے کیمیائی و حیاتیاتی علوم (آئی سی سی بی ایس) کا خصوصی آڈٹ کرنے کیلئے ڈائریکٹوریٹ جنرل آڈٹ سندھ کے افسر اعظم کے دستخط سے جاری ہونے والے لیٹر نمبر FAT/11/ICCBS/ToRs./2022-23/1کے مطابق خصوصی آڈٹ کے لئے ٹی او آرز بنانے کاکہا گیا ہے ۔

ڈائریکٹر آئی سی سی بی ایس اقبال چوہدری کو لکھے گئے لیٹر کے مطابق مالی حسابات کو شفاف بنانے کے لئے ضروری ہے کہ بعض دستاویزات مہیا کی جائیں۔ تاکہ انٹرنیشنل سینٹر آف کیمیکل اینڈ بیالوجی سائنس (آئی سی سی بی ایس) کے تحت تمام اداروں بشمول ایچ ای جے، ڈاکٹر پنجوانی سینٹر ، ڈاکٹرعطاء الرحمن لیبارٹریز کا اسپیشل آڈٹ برائے مالی سال 2017-18 تا  2021-22 کا مکمل و شفاف حساب کیا جائے۔

لیٹر کے مطابق آئی سی سی بی ایس کی انسپکشن مروجہ قوانین، رولز اینڈ ریگولیشنز، آرگنائزیشنل چارٹ، فنانشل اسٹیٹمنٹ اورسالانہ اکائونٹ، وفاقی اور صوبائی حکومتوں سے حاصل ہونے والی امداد، ترقیاتی فنڈز کے اخراجات کی تفصیل ، اخراجات کی رسیدیں و دیگر تفصیلات، وزیر اعظم ٹاسک فورس کے چیئرمین کی جانب سے جاری کردہ فنڈز اور ہائر ایجوکیشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ فنڈز کی تفصیلات، ایج ای جے کے مختلف ذرائع سے حاصل ہونے والی آمدن کے متعلق مکمل معلومات اورادارے کے تمام اکائونٹس کی تفصیل اور اس کے علاوہ اسائمنٹس کے اکائونٹس کی بھی لسٹ، ادارے کے ساتھ ملحقہ کالجز اور انسٹیٹیوٹ کی تفصیلات سمیت سالانہ رپورٹ فراہم کی جائے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ایچ ای جے میں اس سے قبل آنے والے آڈیٹر جنرل آف پاکستان کے افسران ”سب اچھا” کی رپورٹ لکھ کر بھرتیاں اور نذرانے وصول کرتے رہے ہیں، جس کی وجہ سے خدشہ ہے کہ ایک بار پھر سابق آڈٹ افسران سب اچھا کی رپورٹس لکھ کر نذرانے وصول کر لیں گے اور ایچ ای جے کا مالی حسابات کا شفاف حساب نہیں کیا جائے گا۔