کراچی: فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے پی آئی اے کے تمام اکاؤنٹس کو منجمد کردیا ہے، پی ایس او کی جانب سے پیٹرول ملنا بھی بند ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق قومی ائیر لائن (پی آئی اے) کی جانب سے 2 ارب سے زائد رقم کی نادہندگی کے بعد ایف بی آر نے اکاؤنٹس منجمد کردئیے جس کے باعث پی آئی اے کی پروازیں متاثر ہونے لگی ہیں۔
حکومتی درخواست پر گھریلو صارفین کیلئے بجلی مزید مہنگی
پیٹرول فراہم کرنے والی کمپنی پی ایس او نے قومی ائیر لائن کی 3 پروازوں کو پیٹرول فراہم نہیں کیا جس سے پروازوں کا شیڈول بری طرح متاثر ہوا ہے۔ ایف بی آر نے پی آئی اے کے 50 کے لگ بھگ اکاؤنٹس منجمد کردئیے۔
ترجمان قومی ائیر لائن کا کہنا ہے کہ اکاؤنٹس کی بحالی کیلئے حکومتی سطح پر ایف بی آر حکام سے رابطے جاری ہیں۔ گزشتہ روز بھی پی آئی اے کی 7 کے قریب پروازیں متاثر ہوئیں۔ آج 3 پروازیں منسوخ ہوچکی ہیں۔
واضح رہے کہ پی آئی اے کے اکاؤنٹس منجمد ہونے اور پیٹرول فراہمی بند ہونے کے باعث قومی ائیر لائن کی مزید پروازوں کے متاثر ہونے کا بھی خدشہ ہے۔ پی آئی اے کے مالیاتی بحران کے باعث مسافروں کیلئے مشکلات پیدا ہوگئیں۔