اسلام آباد: ایف بی آر (فیڈرل بورڈ آف ریونیو) نے چینی کو بغیر ٹیکس اسٹامپ لگائے ملز سے باہر لے جانے پر پابندی لگا دی۔ خلاف ورزی کرنےوالی شوگر ملز کو کریک ڈاؤن کا سامنا ہے۔
تفصیلات کے مطابق فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے ملک بھر کی شوگرملز پر بغیر ٹیکس اسٹامپ کے چینی کی بوریاں گوداموں سے باہر نکالنے پر پابندی لگا دی۔ خلاف ورزی کرنے والی شوگر ملز کے خلاف ملک گیر کریک ڈاؤن شروع کردیا گیا۔
گوادر غیر ملکی سرمایہ کاروں کی توجہ کا مرکز بن گیا
کریک ڈاؤن کے حوالے سے ایف بی آر کے سینئر حکام پر مشتمل انفورسمنٹ ٹیمیں سرگرم ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ شوگر ملز کوئی بھی چینی کی بوری فیکٹریوں سے نہ نکالیں، جب تک کہ ان پر ٹیکس اسٹامپ نہ لگا دی جائے۔
ایف بی آر نے ٹیکس اسٹامپ پابندی کی خلاف ورزی کرنے والی ملز کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے مختلف شہروں میں درجنوں بوریاں تحویل میں لے لیں۔ جن شہروں میں کریک ڈاؤن کیا گیا ان میں ٹنڈو محمد خان، مٹھی اور سرگودھا شامل ہیں۔
خیال رہے کہ پاکستان میں ٹیکس ادا کرنے والے شہریوں کی شرح بے حد کم ہے جس پر ایف بی آر حکام تشویش کا اظہار کرتے نظر آتے ہیں جبکہ ملک کو اس وقت بڑے مالیاتی بحران کا سامنا ہے۔ زرِ مبادلہ کے ذخائر 4 اعشاریہ 2 ارب ڈالرز رہ گئے۔