پاکستانی اداکار فواد خان کی رومانوی فلم عبیرگلاب” کا ٹیزر جاری کر دیا گیا ہے، جس میں وہ بالی ووڈ کی معروف اداکارہ وانی کپور کے ساتھ جلوہ گر ہو رہے ہیں۔
یہ ٹیزر آج منگل کو جاری کیا گیا جس میں فواد اور وانی کی برطانوی شہر لندن کی بارش میں خوبصورت کیمسٹری کو پیش کیا گیا ہے۔
فواد خان ایک گاڑی میں ٹریفک میں پھنسے ہوئی وانی کو کلاسک گانا “کچھ نہ کہو” گاتے ہوئے خوش کرتے ہیں، جس پر وانی کا دلچسپ سوال ہوتا ہے، “کیا آپ مجھ سے فلرٹ کر رہے ہیں؟” فواد کا جواب “کیا آپ چاہتی ہیں؟۔
عبیرگلاب” کو انڈین اسٹوریز، اے ریچر لینس، اور آر جے پکچرز نے پروڈیوس کیا ہے اور یہ 9 مئی 2025 کو سینما گھروں کی زینت بنے گی۔
فواد کی آٹھ سال بعد واپسی پر مداح خوشی کا اظہار کر رہے ہیں۔اس فلم کی ہدایتکاری آرتی ایس باگڑی نے کی ہے۔
ایک حالیہ ریڈیو شو میں وانی کپور نے فواد خان کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان کے لاکھوں مداحوں میں شامل ہیں۔۔
وانی نے کہا، “مجھے ان کا کام پسند ہے۔ میں نے ان کے چند شوز اسٹریمنگ پلیٹ فارمز پر دیکھے ہیں اور مجھے وہ بہت پسند ہیں۔”
انہوں نے مزید کہا، “میں سمجھتی ہوں کہ یہاں بھارت میں شائقین نے ان سے محبت کی ہے کیونکہ وہ ایک فنکار ہیں اور ان کی مہارت لاجواب ہے۔ میں فنکار کو ان کے کام کی بنیاد پر دیکھتی ہوں اور ان کی تعریف کرتی ہوں۔”
یہ بات قابل ذکر ہے کہ فواد خان کی آخری بالی ووڈ فلم “ائے دل ہے مشکل” (2016) تھی، اس کے بعد بھارتی موشن پکچر پروڈیوسرز ایسوسی ایشن اور فلم پروڈیوسرز گلڈ آف انڈیا نے پڑوسی ملک کے فنکاروں پر پابندی عائد کر دی تھی جس کی وجہ 2016 میں اوڑی حملے کے بعد بھارت اور پاکستان کے تعلقات میں کشیدگی تھی۔