اسلام آباد: وزیرِ سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا ہے کہ ملکی تاریخ میں پہلی بار ای سپورٹس کو باقاعدہ کھیل کا درجہ حاصل ہوگا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں وزیرِ سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا کہ پاکستان سپورٹس بورڈ اور پاکستان سائنس فاؤنڈیشن کے درمیان یادداشت طے پا گئی ہے۔
پیغام میں وزیرِ سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا کہ یادداشت طے پانے کے بعد ای اسپورٹس کو باقاعدہ کھیل کا درجہ حاصل ہوگا۔ اگر آپ کو ویڈیو گیمز سے دلچسپی ہے تو تیار ہوجائیے، نئے مواقع آپ کے منتظر ہیں۔
پاکستان سپورٹس بورڈ اور پاکستان سائنس فاونڈیشن کے درمیان یادادشت طے پا گئ ہے جس کے بعد E-Sports کو باقاعدہ کھیل کا درجہ حاصل ہو گا، اگر آپ کو ویڈیو گیمز سے دلچسپی ہے تو تیار ہو جائیے اور نئے مواقع آپ کے منتظر ہیں۔
— Ch Fawad Hussain (@fawadchaudhry) January 13, 2021
یاد رہے کہ اِس سے قبل اسلام آباد ہائی کورٹ نے ایک تاریخی فیصلہ کیا کہ پب جی گیم پر عائد پابندی ہٹا دی جائے جبکہ پی ٹی اے کے مطابق پب جی نامی آن لائن گیم پر پابندی عوامی شکایات کے تناظر میں لگائی گئی۔
تکنیکی اعتبار سے پب جی کو تھرڈ پرسن شوٹر کہا جاتا ہے یعنی یہ ایک ایسی گیم ہے جس میں گولیاں برسانے والا کردار آپ کو جیتا جاگتا دِکھائی دیتا ہے۔ وہ دوسرے دشمنوں اور حملہ آوروں کا مقابلہ کرتا ہے اور گولیاں مار کر انہیں قتل کرتا ہے۔
مزید پڑھیں: پب جی گیم کا قصہ، پابندی سے لے کر عدالتی فیصلے تک