احتساب عدالت اسلام آباد نے جعلی بینک اکاؤنٹس کیس میں سابق صدر آصف علی زرداری کے جسمانی ریمانڈ میں 16 اگست تک توسیع کردی ہے۔
احتساب عدالت میں سابق صدر اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپور کے خلاف کیس کی سماعت ہوئی۔ تفتیشی افسر نے بتایا کہ کیس کے دوران نئی دستاویزات برآمد ہوئی ہیں اور کچھ نئی باتیں سامنے آئی ہیں۔آصف زرداری نے عدالت سے شکایت کی کہ نیب نے چالیس سوالات پوچھے اور میرے وکیل کو مجھ سے ملنے نہیں دیا جارہا۔
سابق صدر کی طرف سے احتساب عدالت کو عید کے روز بچوں سے ملاقات کی درخواست پر معزز جج نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ آپ کے خلاف جعلی اکاؤنٹس کیس ایک انتظامی معاملہ ہے۔ عید کے روز ملاقات کا حکم نہیں دیاجاسکتا۔
عدالت نے آصف علی زرداری کو مزید بات سے روکتے ہوئے اپنے مسائل وکیل کے ذریعے عدالت تک پہنچانے کی ہدایت اور تفتیشی افسر کو متعلقہ ریکارڈ پیش کرنے کا حکم دیا۔
عدالت کو بتایا گیا کہ تفتیش میں نئے انکشافات ہوئے ہیں، جسمانی ریمانڈ میں کم از کم آٹھ روز کی توسیع کی جائے۔ معزز عدالت نے درخواست منظور کرتے ہوئے سابق صدر کے جسمانی ریمانڈ میں 8 روز کی توسیع کرتے ہوئے 16 اگست کو دوبارہ پیش ہونے کی ہدایت کی۔
یاد رہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کی طرف سے ضمانت مسترد کیے جانے پر نیب ٹیم نے آصف زرداری اور فریال تالپور دونوں کو گرفتار کر لیا تھا۔
مزید پڑھیئے: چوہدری شوگر ملز کیس، مریم نواز کو نیب لاہور نے گرفتار کر لیا