مشہورومعروف فلمی اداکار و ٹی وی میزبان فہد مصطفیٰ نے تھیلیسیمیا کے موذی مرض میں مبتلا ہندو بچے کیلئے 20 لاکھ روپے عطیہ کردئیے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق معروف اینکر فہد مصطفیٰ نے براہِ راست ٹی وی نشریات کے دوران ہندو بچے کے علاج کیلئے 20 لاکھ روپے عطیہ دینے کا اعلان کیا جس کے متعلق حال ہی میں نشر کی گئی ویڈیو وائرل ہو گئی۔
معروف تجزیہ کار و میزبان وسیم بادامی اور اقرار الحسن کی میزبانی میں نشر کیے گئے پروگرام میں جے ڈی سی فاؤنڈیشن کے ظفر عباس ایک ہندو ڈاکٹر کے ہمراہ شریک ہوئے جن کا بیٹا تھیلیسیمیا کا شکار ہے۔
ٹی وی شو کے دوران ڈاکٹر نے کہا کہ ماضی میں عوام کے علاج معالجے کیلئے فیس نہیں لیا کرتا تھا لیکن بعد میں مجھے پتہ چلا کہ میرے بیٹے کی صحت گرتی جارہی ہے۔ بہت سی فلاحی تنظیموں نے یہ کہہ کر مدد سے انکار کردیا کہ امداد صرف مسلمانوں کیلئے ہے۔
بچے کے والد نے کہا کہ میرے بیٹے کے علاج کیلئے صرف 15 ماہ کا وقت باقی ہے جس کے بعد اس کی حالت بگڑ سکتی ہے۔ علاج کیلئے 40 لاکھ روپے کی ضرورت ہے۔ ملک بھر میں اقلیتوں کیلئے شعبۂ صحت کی سہولیات ناکافی ہیں۔
اس پر اداکار فہد مصطفیٰ نے اسی وقت کہا کہ میں بچے کے علاج کیلئے آپ کو 20 لاکھ روپے کی رقم دے رہا ہوں۔ جوانی پھر نہیں آنی سمیت دیگر فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھانے والے فہد مصطفیٰ کے اعلان پر بچے کے والد نے ان کا شکریہ ادا کیا۔
یہ بھی پڑھیں: عدنان صدیقی نے کورونا کی روک تھام کیلئے دوسری بار ویکسین لگوا لی