کراچی: وزیربلدیات وچیئرمین واٹربورڈ سیدناصر حسین شاہ کی ہدایات پر ایم ڈی واٹربورڈ اسداللہ خان نے واٹربورڈ میں رین ایمرجنسی کا نفاذ کردیا ہے،ایم ڈی واٹربورڈ نے ادارے کے حکام کو پابند کیا ہے کہ وہ مون سون کی متوقع بارشوں کے دوران ماتحت عملے کو ہمہ وقت تیار رکھیں۔
تمام ضروری اقدامات کرلیے جائیں نیز دیگر متعلقہ اداروں سے موثر رابطہ یقینی بنایا جائے،وزیربلدیات وچیئرمین واٹربورڈ ناصر حسین شاہ نے شہر میں متوقع بارشوں کے دوران واٹربورڈ میں ایمرجنسی کے نفاذ، ملازمین اور مشینری کو تیاررکھنے کی ہدایات دی ہیں،ان ہدایات پرایم ڈی واٹربورڈاسداللہ خان نے ادارے میں فوری طور پر رین ایمرجنسی کانفاذ کرتے ہوئے اس ضمن میں احکامات جاری کردیئے ہیں۔
انہوں نے چیف انجینئر سیوریج کو واٹربورڈ کا فوکل پرسن نامزدکیا ہے،جبکہ بارشوں کے دوران واٹربورڈکے فراہمی ونکاسی آب کے عملے کو تمام ضروری مشینری وسامان کے ساتھ تیاررہنے کا حکم دیدیا ہے، واٹربورڈ کے ضلعی دفاتر میں رین ایمرجنسی سینٹر قائم کردیئے گئے ہیں جو 24 گھنٹے کام کریں گے جبکہ مرکزی کمپلین سینٹر بھی بغیر کسی وقفہ کے مسلسل کام کرے گا۔
انہوں نے واٹربورڈ کے تمام افسران انجینئرز او ر ان کے ماتحت عملے کو پابند کیاہے کہ کراچی میں مون سون بارشوں کے دوران فراہمی آب کی بلک لائنوں، فلٹر پلانٹس، پمپنگ اسٹیشنز،ریزروائر، ٹریٹمنٹ پلانٹس، نکاسی آب کی لائنوں، سیوریج پمپنگ اسٹیشنزاور دیگر تمام تنصیبات کے حفاظتی اقدامات کو یقینی بنایا جائے اور ان کی کڑی نگرانی کی جائے۔
انہوں نے کہا کہ بارشوں کے دوران کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے لئے فوری اقدامات کئے جائیں، برسات ہوتے ہی تمام آپریشنل و فیلڈ اسٹاف کی ان کے متعلقہ علاقوں میں موجودگی کو یقینی بنایا جائے،ضروری مشینری و آلات خصوصاً ڈی واٹرنگ پمپس،جیٹنگ،راڈنگ،ونچنگ مشینیں اور دیگر سا مان تیا ررکھا جائے،ضلعی سپرنٹنڈنگ انجینئرزاپنے علاقوں میں سیوریج مین ہولز پر ڈھکن کی موجودگی ہر صورت یقینی بنائیں۔
واٹراور سیوریج کی شکایات کے ازالے کیلئے جاری کاموں کے دوران کھودے گئے گڑھو ں کو فوری بنداورمین ہولز اور سیوریج لائنوں کے قریب پڑے ملبہ کو ہٹانے کا بندوبست کیا جائے،سیوریج لائنوں کی صفائی کی جائے،فوکل پرسن سے تمام افسران تعاون کرینگے جبکہ فوکل پرسن متعلقہ اداروں اور منتخب نمائندوں سے رابطے میں رہیں گے۔
بارشوں کے دوران بجلی کی عدم فراہمی کی صورت میں فراہمی ونکاسی آب کے تمام پمپنگ اسٹیشنوں کورواں رکھنے کیلئے جنریٹر کے ذریعے بجلی کی فراہمی کو یقینی بنا یا جائے،جیٹنگ راڈنگ مشنیوں،ڈی واٹرنگ پمپس اور جنریٹروں کیلئے ایندھن کی مناسب مقدار کا انتظام کرلیا جائے۔
انہوں نے چیف انجینئر الیکٹریکل اینڈ مکینیکل کو پابند کیا کہ وہ واٹربورڈ کے تمام سیوریج پمپنگ اسٹیشن کا دورہ کریں اور وہاں جنریٹرز کی موجودگی کو یقینی بنائیں، نیز پمپنگ اسٹیشنوں کی موٹروں اور پمپس کی کارکردگی کی جانچ کریں۔
انہوں نے پروجیکٹ ڈائریکٹر ایس تھری کو بھی ہدایت کی ہے کہ وہ لیاری ندی میں منصوبہ کی مشینری اور تعمیرات کی حفاظت کیلئے پیشگی اقدامات کریں،لیاری ندی میں بارش کے پانی کے بہاؤکو برقرار رکھنے متعلقہ اداروں کے سربراہان سے رابطے میں رہیں۔