اسلام آباد: کورونا وائرس پاکستان بھر میں تیزی سے پھیل رہا ہے، سابق وزیرِ اعظم شاہد خاقان عباسی کا کورونا وائرس ٹیسٹ کا نتیجہ مثبت نکلا جس کے بعد ن لیگی قیادت نے عوام سے دعاؤں کی درخواست کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے انکشاف کیا کہ سابق وزیرِ اعظم شاہد خاقان عباسی کورونا وائرس میں مبتلا ہو گئے جس کے بعد انہوں نے اپنے آپ کو گھر پر ہی قرنطینہ کر لیا ہے۔
قبل ازیں سندھ کے سابق صوبائی وزیر شرجیل میمن بھی کورونا وائرس کا شکار ہوئے تاہم ان کا آغا خان سے کرایا گیا ٹیسٹ کا نتیجہ منفی نکلا۔ دو روز قبل شرجیل میمن سندھ اسمبلی کے اجلاس میں بھی شریک ہوچکے ہیں۔
گزشتہ ہفتے وفاقی وزیر شہر یار خان آفریدی نے اعلان کیا کہ ان کا کورونا وائرس ٹیسٹ کا نتیجہ بھی مثبت نکلا جس کے بعد وہ قرنطینہ میں چلے گئے۔ رکنِ پنجاب اسمبلی نوید علی بھی اس سے قبل کورونا وائرس میں مبتلا ہوچکے ہیں۔
نوشہرہ سے پاکستان تحریکِ انصاف کے رکنِ اسمبلی جمشید الدین کاکا خیل اور ن لیگی رہنما شوکت منظور چیمہ کورونا وائرس کا شکار ہو کر جاں بحق ہوچکے ہیں۔
یاد رہے کہ اس سے قبل پاکستان میں کورونا وائرس سے 1 لاکھ 3 ہزارسے زائد افراد متاثر ہوئے جبکہ وائرس کے باعث جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 2 ہزار 67 ہو گئی۔
سرکاری اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران وائرس کے 4 ہزار 728نئے کیسز کی تصدیق ہوئی جس کے بعد وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 1 لاکھ 3 ہزار 671ہو گئی۔
مزید پڑھیں: پاکستان میں کورونا وائرس کے باعث 2 ہزار67 افراد جاں بحق