کراچی ٹیسٹ میں انگلینڈ نے پاکستان کو 8 وکٹس سے شکست دے کر سیریز میں قومی کرکٹ ٹیم کو وائٹ واش کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم نے 5 روزہ کراچی ٹیسٹ کے پہلے روز ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا اور پہلی اننگز کے دوران 304 رنز بنا کر پوری ٹیم پویلین لوٹ گئی۔
ہیٹ ٹرک کرنے والے کھلاڑی ایم باپے کی کامیابیوں کی فہرست
پاکستان کی پہلی اننگز کے جواب میں انگلینڈ نے اپنی پہلی اننگز میں 354 رنز بنائے اور پاکستان نے 10 وکٹس لے کر مہمان ٹیم کو بھی پویلین کی راہ دکھا دی تاہم دوسری اننگز میں قومی کھلاڑی مکمل طور پر ناکام رہے۔
اپنی دوسری اننگز پاکستان نے گزشتہ روز ہی مکمل کر لی اور پہلی اننگز کے مقابلے میں کہیں بد تر کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پوری ٹیم 216 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔ انگلینڈ کو جیتنے کیلئے 167 رنز کا آسان ترین ہدف دیا گیا۔
گزشتہ روز ہی انگلینڈ نے 167 رنز کے ہدف کا تعاقب شروع کیا تو ان کے اوپنر زیک کراؤلی 87 کے مجموعی اسکور پر ابرار احمد کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہو گئے جبکہ 97 کے مجموعی اسکور پر ریحان احمد بھی وکٹ گنوا بیٹھے۔
ریحان احمد کو بھی 10 رنز بنانے کے بعد ابرار احمد نے بولڈ کیا تاہم بین ڈکٹ نے پاکستان کے خلاف 82 رنز کی ناقابلِ شکست اور شاندار اننگز کھیلی جبکہ کپتان بین اسٹوکس بھی 35 رنز بنا کر ناقابلِ شکست رہے۔ مہمان ٹیم نے 167 کا ہدف ٹیسٹ کے چوتھے روز کے پہلے ہی سیشن میں آسانی سے پورا کر لیا۔