کراچی:چیئرمین ڈی ایم سی ساؤتھ ملک محمد فیاض اعوان نے کہاہے کہ برساتی نالوں پر قائم تجاوزات ایک سنگین مسئلہ ہے ،عوام کو چاہیے کہ وہ ازخود ان تجاوزات کو ہٹالیں اور برساتی نالوں میں پانی و سیوریج کی لائنوں کو ختم اور ان میں کچرہ نہ ڈال کر انتظامیہ کے ساتھ تعاون کا مظاہرہ کریں۔
ان خیالات کا اظہارانہوں نے میونسپل کمشنر اخترعلی شیخ کے ہمراہ پولیس ہیڈ کوارٹر گارڈن،چمڑا اسپتال ریگل چوک، کلفٹن بلاک 5 سمیت مختلف برساتی نالوں کی صفائی کے جاری کام کے معائنے کے موقع پر کیا۔
چیئرمین ملک محمدفیاض اعوان نے کہا کہ محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے مطابق رواں ہفتے زیادہ برسات کا امکان ظاہرکیاجارہاہے جس کے پیش نظر بلدیہ جنوبی کی حدود میں موجود برساتی نالوں کی صفائی کا کام ہنگامی بنیادوں پر جاری ہے جس میں افرادی قوت کے ساتھ ضروری مشینری بشمول گریب کرین،سلیج کیریئر،ڈمپر،لوڈرکا استعمال کیاجارہاہے ۔
انہوں نے کہا کہ جہاں ہیوی مشینری کا داخلہ ممکن نہیں وہاں مینول طریقے سے کام جاری ہے تاکہ برسات کے موقع پر بارش کا پانی گلی محلوں اور شاہراہوں پر جمع نہ ہواوربیماریوں کے پھیلاؤ کا سدباب ہوسکے،بارشوں کے نئے اسپیل سے قبل برساتی نالوں کی صفائی سے بہتر نتائج حاصل ہونگے ۔
ملک محمد فیاض کامزید کہنا تھا کہ بیشتر مقامات پر پینے کے پانی کی لائنیں نالوں میں سے گذررہی ہیں جوکہ انتہائی مضر صحت طریقہ کار ہے واٹراینڈ سیوریج بورڈ کا محکمہ ان لائنوں کو فی الفور شفٹ کرنے کیلئے اقدامات کرے۔
کھلے نالوں کے قریب کی گذرگاہوں کو محفوظ بنانے اور نالوں کے اطراف ٹوٹی ہوئی دیواروں کی مرمت کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں تاکہ عوام خصوصابزرگ،خواتین اور بچے نالوں میں نہ گرنے پائیں ۔
ملک فیاض اعوان نے کہا کہ محل وقوع کے اعتبار سے ڈسٹرکٹ ساؤتھ سطح سمندر سے 7 فٹ نیچے ہے جس کے باعث سیوریج و برساتی پانی کو پمپنگ کے ذریعے سمندر تک پہنچانا پڑتا ہے اس کے علاوہ دیگراضلاع سے بھی مختلف نالے ضلع جنوبی کے نالوں میں شامل ہوجاتے ہیں جس کی وجہ سے ہمارے نالوں پر سیوریج اور برساتی پانی کا دباؤ کافی حد تک بڑھ جاتا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ برساتی نالوں کے کھلے ہونے اور عوام کے عدم تعاون کی وجہ سے بھی مسائل کا سامنا ہے اور غیر قانونی سیوریج کنکشنز بھی ایک بڑا مسئلہ ہے ان تمام مسائل کے باوجود ڈی ایم سی ساؤتھ انتظامیہ اپنی حدود میں آنے والے برساتی نالوں اور سیوریج لائنوں کی صفائی ستھرائی پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔
مزید پڑھیں:افسران اورملازمین کی محنت سے عیدآپریشن کامیابی سے ہمکنار ہوا،معیدانور