معروف کمپنی اسپیس ایکس کے مالک ایلون مسک نے کہا ہے کہ اسپیس ایکس کا سب سے بڑا راکٹ 2027 میں مریخ کیلئے اڑان بھرسکے گا۔
تفصیلات کے مطابق دنیا کی امیر ترین شخصیات میں شامل ایلون مسک نے ایک ٹیلی کانفرنس کے دوران کہا کہ اسپیس ایکس کا اسٹار شپ راکٹ آئندہ 4سال کے دوران مریخ کی آزمائشی پرواز کیلئے تیار ہوگا۔
ایلون مسک کی کمپنی کو انسانی دماغ میں مائیکرو چپ لگانے کی منظوری مل گئی
خیال رہے کہ ایلون مسک طویل عرصے سے مریخ پر انسانی بستیاں بسانے کے خواب دیکھ رہے ہیں۔ ٹیلی کانفرنس کے دوران ایلون مسک نے کہا کہ اسپیس ایکس آئندہ 4سال میں انسانوں کے بغیر ایک آزمائشی پرواز مریخ بھیجے گی۔
قبل ازیں اسپیس ایکس کا سب سے بڑا راکٹ صرف ایک ٹیسٹ سے گزارا گیا جس کے دوران یہ راکٹ فضا میں پھٹ گیا۔ اسٹار شپ کے 2 حصوں میں 33 انجن پر مشتمل سپر ہیوی بوسٹر اور اسٹار شپ اسپیس کرافٹ شامل ہیں۔
امریکی خلائی تحقیقاتی ادارہ (ناسا) 2025 میں آرٹیمس 3 مشن کے تحت انسانوں کو چاند کی سطح پر اتارے گا۔ اسپیس ایکس کے بانی ایلون مسک نے ٹیسٹ میں ناکامی پر بیان دیتے ہوئے کہا تھا کہ راکٹ کی کارکردگی مزید بہتر بنائیں گے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل امریکی فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن نے ایلون مسک کی کمپنی نیورولنک کو انسانی دماغ میں ٹیسٹ کرنے کی منظوری دے دی، انسانی دماغ میں مائیکرو چپ لگانے کے بعد یادداشت کو بڑھانے، الزائمر مرض اور انسانی خیالات کو پڑھنے میں مدد ملے گی۔
نیورا لنک نے مئی کے دوران ٹوئٹر پر اس حوالے سے پیغام جاری کیا، جس میں لکھا کہ ہم یہ بتاتے ہوئے بہت پُرجوش ہیں کہ ہمیں اپنی پہلی انسانی طبی تحقیق شروع کرنے کے لیے ایف ڈی اے کی منظوری مل گئی ہے۔نیورالنک کے مطابق کلینیکل ٹرائل کے لیے بھرتی ابھی شروع نہیں کی گئی۔