راولپنڈی:سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ نے لاہور گیریژن کا دورہ کیا، سی ایم ایچ میں میجر حارث عزیز کی عیادت بھی کی، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ کہ فوج اپنی طاقت عوام سے لیتی ہے، خلیج پیدا کرنے کی کوئی بھی کوشش برداشت نہیں کریں گے۔
آئی ایس پی آر کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ کور کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل محمد عبدالعزیز نے لاہور گیریژن کے دورہ کے دوران آرمی چیف کا استقبال کیا۔
سپہ سالار نے سی ایم ایچ لاہور کا دورہ کیا، لاہور میں حالیہ واقعہ میں نشانہ بننے والے میجر حارث کی عیادت کی اور کہا کہ قانون اپنا راستہ بنائے گا، واقعے کے ذمہ داران گرفتار کر لیے گئے، واقعے میں انصاف کے تقاضے پورے ہوں گے، کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے کہا کہ غلط معلومات اور پروپیگنڈے سے ریاست میں یکجہتی کو خطرات لاحق ہوتے ہیں، قیاس آرائیوں اور افواہوں کا موثرمقابلہ کرنے کیلئے بروقت اور متحد ردعمل کی ضرورت ہے، فوج اپنی طاقت عوام سے لیتی ہے۔
فوج اورعوام کے درمیان خلیج پیدا کرنے کی کوئی بھی کوشش برداشت نہیں کریں گے، دشمن قوتیں طویل عرصے سے انتشار پیدا کرنے کیلئے سرگرم ہے، دشمن قوتوں کو کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔
مزید پڑھیں: پاکستان نیپال کے ساتھ طویل مدتی کثیر ڈومین تعلقات کو بڑھانا چاہتا ہے، آرمی چیف