ملک میں عام انتخابات کے بارے میں بہت سی قیاس آرائیوں کے بعد، الیکشن کمیشن نے جنوری 2024 کے آخری ہفتے میں عام انتخابات کرانے کا اعلان کردیا اور کہا 27ستمبر کو حلقہ بندیوں کی ابتدائی فہرست شائع کردے گا۔اعلامیہ میں کہا گیا کہ عام انتخابات جنوری کے آخری ہفتے میں کرادیئے جائیں گے۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے کہا کہ انتخابات کا شیڈول جلد جاری کیا جائے گا اور الیکشن کمیشن 27ستمبر کو حلقہ بندیوں کی ابتدائی فہرست شائع کردے گا اور حلاقہ بندیوں کی حتمی فہرست30نومبر کو شائع کی جائے گی۔حتمی فہرست کی اشاعت کے54 دن کے بعد جنوری کے آخر ی ہفتے میں انتخابات ہوں گے۔
گزشتہ ہفتے، سپریم کورٹ نے پی ٹی آئی کی طرف سے دائر کی گئی ایک پٹیشن کو واپس کر دیا جس میں الیکشن کمیشن کو آئینی اسکیم پر عمل کرنے پر مجبور کرنے کا حکم دیا گیا تھا، اس اعتراض کے ساتھ کہ اس نے یہ واضح نہیں کیا تھا کہ عوامی اہمیت کا کون سا سوال اٹھایا جا رہا ہے جو بنیادی حقوق سے متعلق ہے۔
خیال رہے کہ صدر مملکت کی جانب سے لکھے گئے خط میں چیف الیکشن کمشنر کو ملاقات کی دعوت گئی تاکہ اس میں عام انتخابات کی تاریخ کے حوالے سے کوئی فیصلہ کیا جا سکے.عارف علوی نے خط میں لکھا تھا کہ 9 اگست کو سابق وزیر اعظم شہباز شریف کے مشورے پر قومی اسمبلی تحلیل کی، صدر آرٹیکل 48 فائیو کے تحت اسمبلی تحلیل کے بعد 90 دن میں الیکشن کی تاریخ مقرر کرنے کا پابند ہے۔
دیکھنا یہ ہے کہ سپریم کورٹ پی ٹی آئی کی درخواست پر اٹھائے گئے اعتراضات کے بعد اس معاملے کو لے گی یا نہیں۔ اپنے پیشروؤں کے برعکس، نئے چیف جسٹس آرٹیکل 184(3) کے تحت سپریم کورٹ کے دائرہ اختیار کے حوالے سے نسبتاً محدود نظریہ رکھتے ہیں۔الیکشن کمیشن آف پاکستان کا اعلان ملک میں سیاسی اور معیشت کے استحکام کو یقینی بنانے کے لیے نیک شگون ہے۔