اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے نئی حلقہ بندیاں 14دسمبر تک مکمل کرنے کا اعلان کردیا ہے۔ چیف الیکشن کمشنر کا کہنا ہے کہ حلقہ بندیوں کے بعد انتخابی شیڈول سامنے آئے گا۔
تفصیلات کے مطابق آئندہ عام انتخابات پر سیاسی جماعتوں سے مشاورت کا سلسلہ جاری ہے۔ الیکشن کمیشن سے عوامی نیشنل پارٹی اور بلوچستان عوامی پارٹی کے وفود کی ملاقات ہوئی جس میں ملک کی سیاسی صورتحال پر سیر حاصل گفتگو ہوئی۔
پاکستان سے مہنگائی کے اندھیرے ختم کردیں گے۔مریم نواز
چیف الیکشن کمشنر سکندر ارسلان راجا نے کہا کہ ہم حلقہ بندیوں کے دورانیے کو مزید کم کرنا چاہتے ہیں۔ حلقہ بندیوں کی تکمیل کے ساتھ ہی الیکشن کے شیڈول کا اعلان کریں گے جبکہ سیاسی پارٹیوں کے وفود کے ساتھ بات چیت تعمیری رہی۔
عوامی نیشنل پارٹی کا کہنا ہے کہ 90 روز میں انتخابات ایک آئینی ضرورت ہیں۔ بہتر تھا کہ الیکشن کمیشن حلقہ بندیوں کا عمل شروع کرنے سے قبل ہی سیاسی جماعتوں سے مشاورت کرلیتا۔ آئین کسی صوبے کی نشستیں کم یا زیادہ کرنے کی اجازت نہیں دیتا۔
الیکشن کمیشن کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ بی اے پی نے الیکشن کمیشن کے از سر نو حلقہ بندیوں کی تکمیل کے فیصلے کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن آزادانہ و منصفانہ انتخابات کا انعقاد یقینی بنائے۔ موسمی اثرات بھی مد نظر رکھے جائیں۔