اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان کا کہنا ہے کہ انتخابات کے منصفانہ انعقاد کو یقینی بنانے کیلئے ضابطہ اخلاق پر سختی سے عمل کیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق سیاسی جماعتوں سے مشاورتی اجلاس کے دوران گفتگو کرتے ہوئے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے کہا کہ ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔ اس دوران تحریکِ انصاف نے لیول پلیئنگ فیلڈ کے معاملے پر بات چیت کی۔
الیکشن کمیشن کا عام انتخابات کی نگرانی کیلئے غیر ملکی مبصرین بلانے کا فیصلہ
جماعتِ اسلامی کے نمائندے نے اجلاس کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پولنگ اسٹیشن کے اندر کسی وردی والے کو گھسنے نہ دیا جائے جبکہ اجلاس کے اعلامیے میں الیکشن کمیشن نے تمام سیاسی جماعتوں سے ضابطہ اخلاق کے ڈرافٹ پر فیڈ بیک لینے کا اعلان کیا۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ سیاسی جماعتوں نے الیکشن کمیشن کو تجاویز پیش کردیں۔ الیکشن کمیشن سیاسی جماعتوں کو ضابطہ اخلاق کے ڈرافٹ میں مناسب ترامیم کی یقین دہانی کروا چکا ہے۔ ہم ضابطہ اخلاق پر سختی سے عمل اور غیر جانبدارانہ انتخابات کو یقینی بنائیں گے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل الیکشن کمیشن آف پاکستان نے عام انتخابات کی نگرانی کیلئے غیر ملکی مبصرین بلانے کا فیصلہ کر لیا۔ چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے یہ فیصلہ کیا جس کیلئے سیکریٹری خارجہ کو خط لکھ کر بین الاقوامی اداروں کی فہرست مانگ لی گئی۔
خط میں کہا گیا کہ وزارتِ خارجہ الیکشن کمیشن کو ایس او پیز سے آگاہ کرے۔ کمیشن نے 8 روز قبل تمام اسٹیک ہولڈرز سے فوکل پرسن مانگ لیے۔ حکام کا کہنا تھا کہ چیف الیکشن کمشنر نے عام انتخابات کے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔