اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے چیئرمین پی ٹی آئی و سابق وزیر اعظم عمران خان، فواد چوہدری اور اسد عمر کے خلاف رول 512 کے تحت کارروائی شروع کرتے ہوئے مفرور قرار دینے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق رول 512 کے تحت کارروائی شروع کرنے کا مقصد الیکشن کمیشن کے سامنے پیش نہ ہونے پر پی ٹی آئی رہنماؤں اور چیئرمین عمران خان کو مفرور قرار دینا ہے۔
کراچی انتخابات: 235نشستوں کے حتمی نتائج جاری
بعض میڈیا رپورٹس کے مطابق نثار درانی کی سرکردگی میں الیکشن کمیشن کے 4 رکنی بینچ نے عمران خان اور دیگر 2 پی ٹی آئی رہنماؤں کے خلاف چیف الیکشن کمشنر کیس کی سماعت کی۔
سماعت کے دوران وکیل نوید انجم نے بینچ کو آگاہ کیا کہ انور منصور اور کیس کے وکیل فرخ حبیب کی جانب سے الیکشن کمیشن کے خلاف دائر کیس میں ہائیکورٹ میں مصروف تھے۔
الیکشن کمیشن کو بتایا گیا کہ فواد چوہدری کراچی میں جبکہ اسد عمر شہر سے باہر تھے، چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان زخمی ہیں، اس لیے حاضری سے استثنیٰ کیلئے درخواست دائر کی جارہی ہے۔
کمیشن بینچ کے رکن نے پی ٹی آئی کے وکیل سے استفسار کیا کہ وہ اس بنیاد پر کتنی بار استثنیٰ طلب کریں گے؟ کیا اہم لوگ قانون کے پابند نہیں ہیں کہ پیشی کیلئے حاضر ہوجائیں؟
بینچ نے نوٹ کیا کہ ہائیکورٹ نے وارنٹ معطل کردیا جبکہ کارروائی جاری رکھنے کا بھی حکم دیا گیا تھا۔ بعد ازاں کمیشن نے پی ٹی آئی رہنماؤں کو طلب کر لیا۔
پی ٹی آئی کے وکیل نے اگلی سماعت پر پی ٹی آئی رہنماؤں کی پیشی پر آمادگی ظاہر کردی۔ جس پر کیس کی سماعت سماعت یکم فروری تک ملتوی کردی گئی ہے۔