کراچی: سپہ سالار سید عاصم منیر کا کہنا ہے کہ پاکستان انتہائی نازک موڑ سے گزر رہا ہے، ملک کو دہشتگردی اور اقتصادی چیلنجز درپیش ہیں جس سے نمٹنے کیلئے تمام فریقین کے درمیان قومی اتفاق رائے کی ضرورت ہے۔
آئی ایس پی آر کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان نیول اکیڈمی کراچی میں 118ویں مڈشپ مین اور 26ویں شارٹ سروس کمیشن کی کمیشننگ پریڈ کا انعقاکیا گیا، آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر تقریب کے مہمان خصوصی تھے، سپہ سالار کے پاکستان نیول اکیڈمی پہنچنے پر چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے استقبال کیا۔
آرمی چیف نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ پاکستان کو دہشتگردی اور اقتصادی چیلنجز درپیش ہیں، تمام فریقین کے درمیان قومی اتفاق رائے کی ضرورت ہے،پاکستان انتہائی نازک موڑ سے گزر رہا ہے۔
آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے تربیت مکمل کرنے والے ملکی اور دوست ممالک کیڈٹس کو مبارکباد دیتے ہوئے پیشہ ورانہ مہارتوں پر توجہ دینے کی ہدایت کی۔
سپہ سالار کا کہنا تھا کہ میری ٹائم صورتحال مسلسل تبدیل ہو رہی ہے، مستقبل میں نیوی کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہوگا، نیوی کو پیشہ ورانہ مہارتوں اور جدید رجحانات سے ہم آہنگ کرنا ہوگا۔
مزید پڑھیں:پورا کراچی بلدیاتی انتخابات کا انتظار کر رہا ہے، اگلا میئر پیپلز پارٹی کا ہو گا، بلاول
آئی ایس پی آر کے جاری کردہ بیان میں مزید کہا گیا کہ آرمی چیف نے ملیر گیریژن میں کراچی کور، رینجرز اور دیگر سی اے ایف کے افسران سے بھی خطاب کیا جس میں انہوں نے پیشہ ورانہ اور جدید جنگ کے تقاضوں پر توجہ دینے کی ضرورت پر زور دیا، آرمی چیف کی آمد پر کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل بابر افتخار نے ان کا استقبال کیا۔