اسلام آباد: وفاقی کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے رمضان ریلیف پیکیج کی منظوری دی ہے جس کی مالیت 5 ارب روپے مختص کردی گئی۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیرِ خزانہ اسحاق ڈار نے گزشتہ روز اقتصادی رابطہ کمیٹی کی سدارت کے دوران 5ارب روپے کے رمضان ریلیف پیکیج کی منظوری دی۔ بندرگاہوں پر کھڑے کنٹینرز اور کارگوز پر عائد اسٹوریج چارجز ختم کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔
وفاقی وزیرِ خزانہ اسحاق کی زیر صدارت کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کے اجلاس میں اسٹوریج چارجز ختم کرنے کی ماہانہ رپورٹ بھی طلب کی گئی۔ کمیٹی نے رمضان ریلیف پیکیج کے تحت 19 اشیائے ضروریہ سستی کرنے کی تیاری کر لی۔
کابینہ کے فیصلے کے تحت اشیائے ضروریہ کو یوٹیلٹی اسٹورز پر سستا فروخت کیا جائے گا۔ اس دوران وزارتِ ہاؤسنگ اینڈ ورکس نے 3 تکنیکی گرانٹس کی مد میں 1 ارب 33 کروڑ کی منظوری حاصل کر لی۔ اراکینِ قومی اسمبلی کو 70 کروڑ کی تکنیکی گرانٹ دینے کی توثیق کی گئی۔
اجلاس کے دوران کیے گئے فیصلے کے تحت خیبر پختونخوا میں نارتھ اور ساؤتھ ایف سی کے ہیڈ کوارٹرز اور وزارتِ داخلہ کیلئے 2 تکنیکی گرانٹس کی مد میں 3 کروڑ 20 لاکھ روپے جاری کرنےکی منظوری دی گئی۔
رواں برس 23-2022 کیلئے گندم کی امدادی قیمت 3 ہزار 900 روپے مقرر کی گئی۔ وفاقی کابینہ نے کے الیکٹرک کیلئے پہلی اور دوسری سہ ماہی میں ٹیرف ریشنلائزیشن اور آئندہ مالی ساہ اضافی سرچارج لگانے کی بھی منظوری دے دی۔