ای سی سی نے سیلاب متاثرین کیلئے پانچ ارب روپے کی منظوری دیدی

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

اقتصادی رابطہ کمیٹی نے سیلاب متاثرین کی امداد کیلئے 5 ارب روپے کی منظوری دیدی، این ڈی ایم اے کے ذریعے متاثرین کو معاوضہ دیا جائے گا۔

وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کا خصوصی اجلاس ہوا، جس میں بلوچستان سمیت ملک کے دیگر حصوں میں سیلاب سے متاثرہ افراد کی امداد سمیت دیگر معاملات پر غور کیا گیا۔

ای سی سی نے سیلاب متاثرین کی امداد کیلئے وزیراعظم کی جانب سے اعلان کردہ 5 ارب روپے کی منظوری دیدی۔ وزارت خزانہ کے مطابق رقم این ڈی ایم اے کے ذریعے خرچ کی جائے گی۔

وزیرِاعظم محمد شہباز شریف نے بارش اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے وزیر خزانہ کو این ڈی ایم اے کو پانچ ارب روپے جاری کرنے کا حکم دیا تھا۔

وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کی ہدایت پر سیلاب متاثرین کو معاوضہ دیا جائے گا، متاثرہ علاقوں میں ریسکیو، ریلیف کی سرگرمیاں شروع کی جائیں گی۔

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے ای سی سی اجلاس میں سیلاب کی صورتحال پر بریفنگ دی۔

سندھ اور بلوچستان سمیت ملک بھر میں مون سون کی معمول سے زیادہ بارشوں کے دوران حادثات اور سیلابی صورتحال سے 300 سے زائد افراد جاں بحق ہوگئے۔

Related Posts