ہفتہ کے روز وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، پشاور اور ملک کے مختلف شہروں میں زلزلے کے جھٹکوں سے خوف و ہراس پھیل گیا۔
قومی میڈیا کے مطابق زلزلے کے جھٹکے اسلام آباد، پشاور، مردان، سوات اور گرد و نواح کے علاقوں میں محسوس کیے گئے۔ اس کے علاوہ نوشہرہ، صوابی، شمالی وزیرستان اور اٹک میں بھی جھٹکوں کی اطلاعات موصول ہوئیں۔
زلزلے کے باعث مختلف شہروں میں لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں سے باہر نکل آئے۔تاحال کسی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔
یاد رہے کہ اس سے قبل خیبر پختونخوا کے علاقوں سوات اور بونیر میں بھی ایک ہی دن میں ایک گھنٹے کے وقفے سے دو زلزلے آئے تھے۔ پہلا زلزلہ دوپہر 12 بج کر 45 منٹ پر آیا جس کی شدت ریکٹر اسکیل پر 4.4 تھی اور گہرائی 185 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی۔
اسلام آباد میں موجود زلزلہ پیما مرکز کے مطابق، زلزلے کا مرکز ہندوکش کے پہاڑی سلسلے میں تھا بعد ازاں تقریباً 1 بج کر 45 منٹ پر دوسرا زلزلہ بونیر میں محسوس کیا گیا جو سوات سے تقریباً 100 کلومیٹر دور واقع ہے۔