ترکیہ کی ایک مسجد میں دعا کے دوران ایک بچہ امام صاحب کے نزدیک آگیا اور ان کے ساتھ کھیلنے لگا تاہم امام صاحب نے شفقت کا مظاہرہ کرتے ہوئے بچے کو پیار کیا اور دعا بھی جاری رکھی۔
ترک میڈیا کے مطابق سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ امام مسجد خوش لحنی کے ساتھ دعا کرا رہے ہیں اتنے میں ایک بچہ پہلی صف سے نکل کر امام صاحب کے نزدیک آجاتا ہے۔
بچہ امام صاحب کو پیار کرتا ہے اور ان کے ساتھ کھیلنا چاہتا ہے۔ امام مسجد بھی بچے کے لاڈ اور پیار سے بہت خوش ہوتے ہیں۔ وہ اسے قریب بٹھاتے ہیں اور پیار کرتے ہیں۔ اس دوران امام صاحب نے دعا بھی مکمل کی۔
سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل ہونے پر صارفین نے حسن اخلاق اور بچے سے شفقت کے اظہار پر امام مسجد کی تعریف کرتے ہوئے لکھا کہ اسلام اور بالخصوص علمائے کرام پر تنقید کرنے والوں کو یہ ویڈیو ضرور دیکھنی چاہیے۔
چند ماہ قبل رمضان المبارک کے دوران الجزائر کے ایک امام کی ویڈیو وائرل ہوئی تھی۔
یہ بھی پڑھیں:
تراویح کے دوران بلی امام کے کندھے پر چڑھ گئی، دلکش ویڈیو وائرل
اس ویڈیو میں تراویح کی جماعت کے دوران اچانک بلی مسجد کے محراب میں گھس کر امام کے کندھے پر چڑھ گئی تھی، جس سے امام نے بڑے خوبصورت انداز میں نمٹا تھا۔ یہ ویڈیو بھی بہت زیادہ وائرل ہوگئی تھی اور امام صاحب کے طرز عمل کو خوب سراہا گیا تھا۔