ضلع نارووال کی تحصیل ظفر وال کی شکر گڑھ روڈ پر بجری سے بھرے ہوئے بھاری ڈمپر کے رکشے پر اُلٹ جانے کی وجہ سے رکشہ ڈرائیور سمیت 8 بچے جاں بحق جبکہ 6 بچیاں شدید زخمی ہو گئیں۔
مختلف اسکولوں کے بچوں کو لے جانے والا رکشہ حادثے سے بری طرح دب کر پچک گیا جس کے نتیجے میں یہ خوفناک حادثہ پیش آیا۔ بعد ازاں زخمی ہونے والی بچیوں کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: کوئٹہ:خیزی چوک میں 2دھماکے ،ایک شخص جاں بحق،13زخمی
مقامی افراد نے حادثے کی اطلاع ریسکیو 1122 کو بر وقت کردی جس کے باعث ریسکیو اہلکار اور مقامی پولیس جائے حادثہ پر پہنچی اور ڈمپر کے نیچے دبی لاشوں اور زخمیوں کو باہر نکالنے کے ساتھ ساتھ زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا جن کی حالت اب خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔
پولیس کے مطابق ڈمپرکا ڈرائیور غلط سمت سے گاڑی چلا رہا تھا۔ رانگ سائیڈ پر تیز رفتار ڈرائیونگ کے باعث یہ حادثہ پیش آیا اور ڈمپر ڈرائیور کی غفلت نے 8 بچوں اور رکشہ ڈرائیور کی جان لے لی۔ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو کے مطابق نجی ہسپتال اور آر ایچ سی میں بیک وقت چار چار لاشیں موجود ہیں۔
یاد رہے کہ اس سے قبل کوہستان کی تحصیل کندیا میں 31 مسافروں کو لے کر جانے والی گاڑی پُل ٹوٹ جانے کے باعث نالے میں جا گری جس سے 26 افراد جاں بحق اور 2 زخمی ہو گئے۔ مسافر وین ڈاٹسن ہزارہ ڈویژن کے ضلع کوہستان کے علاقے باڑیگوگاں سے کمیلہ کی طرف جا رہی تھی۔
بس گہرے برساتی نالے میں گرنے سے 31 افراد بہہ گئے۔چیف وارڈن سول ڈیفنس احسان الحق کے مطابق کندیا کے علاقے بگڑو میں اس خوفناک حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں مدد کے لیے موقعے پر پہنچیں اور جائے حادثہ پر امدادی کارروائیوں کا آغاز کیا۔
مزید پڑھیں: کوہستان میں خوفناک حادثہ، مسافر بس نالے میں گرنے سے 26 افراد جاں بحق، 2 زخمی