موسلا دھار بارش کی پیشگوئی، کیا دبئی کا طوفان پاکستان کا رخ کرنے والا ہے؟

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

دبئی میں بارش
(فوٹو: جان گیمبرل)

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں منگل کے روز بڑے پیمانے پر سیلاب دیکھنے میں آیا جب طوفانی بارش نے یو اے ای میں بارش کا 75سالہ ریکارڈ توڑ دیا۔

اربن فلڈنگ کے نتیجے میں سڑکیں اور دبئی کا بین الاقوامی ہوائی اڈہ بھی ڈوب گیا، جو ایک بڑا علاقہ ہے۔ جب کہ پاکستان میں اس وقت شدید بارشوں اور گرج چمک کے ساتھ طوفانی موسم کی پیشگوئی کی گئی ہے، دبئی طرز کے طوفان کا پاکستان سے ٹکرانے کا امکان بہت کم ہے۔ تاہم متحدہ عرب امارات کے حالات کا جائزہ لینا بھی ضروری ہے۔

(فوٹو: جان گیمبرل)

روایتی طور پر متحدہ عرب امارات میں خشک ریگستانی آب و ہوا کی وجہ سے کم سے کم بارش ہوتی ہے اور درجۂ حرارت گرم رہتا ہے تاہم ماہرینِ موسمیات کئی روز سے یو اے ای کی سات ریاستوں میں پھیل جانے والی طوفانی بارش کی پیشگوئی کر رہے تھے جس نے تباہی مچائی۔18 اپریل کے روز آنے والی اربن فلڈنگ نے دبئی کے مکینوں کا جینا محال کردیا۔

منگل  کے آخر تک دبئی میں صرف 24 گھنٹوں کے دوران 142 ملی میٹر سے زائد بارش ہوئی جو دبئی ائیرپورٹ پر سالانہ 94.7 ملی میٹر کی اوسط بارش کے مقابلے میں کہیں زیادہ ہے۔ ملک کے بعض علاقوں میں اس سے بھی زیادہ بارش ہوئی۔ پڑوسی ملک عمان میں بھی حالیہ دنوں میں آنے والے سیلاب نے تباہی مچائی جہاں کم از کم 21افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔

(فوٹو: جان گیمبرل)

متحدہ عرب امارات میں نکاسئ آب کا نظام درہم برہم ہوگیا۔ رہائشی علاقوں، تجارتی خطوں اور دبئی میں شیخ زید روڈ جیسے علاقوں میں آنے والا تاریخ کا بد ترین سیلاب کسی آسمانی آفت سے کم نہیں تھا جو 1949 کے بعد سے کسی بھی ریکارڈ کی گئی بارش کے مقابلے میں زیادہ ہے۔ یہی وجہ ہے کہ بارش نے 75سالہ ریکارڈ توڑ دیا۔

پاکستان میں بارش کی پیشگوئی

جہاں تک پاکستان میں بارش کی پیشن گوئی کا تعلق ہے، نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے حکام کو 29 اپریل تک شدید بارشوں اور گرج چمک کے لیے تیار رہنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔ متعدد موسمی ماہرین نے پیش گوئی کی ہے کہ پاکستان میں اپریل کے دوران ہلکی پھلکی اور موسلا دھار بارش ہوسکتی ہے۔

ملک کے مختلف حصوںمیں گرج چمک کے ساتھ تیز بارش اور ژالہ باری کا بھی امکان ہے۔ 17 سے 29 اپریل تک پاکستان کے مختلف علاقوں میں بارش، ژالہ باری اور دیگر موسمی حالات کسی بہت خوفناک طوفان کی نشاندہی نہیں کرتے، تاہم بعض ماہرین نے حکومت کو کراچی میں اربن فلڈنگ کی پیشگوئی سے خبردار کیا ہے۔

Related Posts