اسلام آباد: وزیرِ اعظم پاکستان عمران خان کے معاونِ خصوصی برائے امورِ صحت ڈاکٹر ظفر مرزا بھی کارونا وائرس کا شکار ہو گئے ہیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں معاونِ خصوصی ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ میرا کورونا وائرس ٹیسٹ کا نتیجہ مثبت آگیا ہے جس کے بعد میں نے خود کو قرنطینہ کر لیا۔
وزیرِ اعظم کے معاونِ خصوصی ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ میں نے اپنے آپ کو کورونا کے پھیلاؤ کی روک تھام کیلئے گھر پر قرنطینہ کیا ہے اور تمام ضروری حفاظتی ہدایات پر عمل کر رہا ہوں۔
معاونِ خصوصی ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ میرے اندر کورونا وائرس کی علامات معتدل ہیں۔ عوام مجھے دُعاؤں میں یاد رکھیں جبکہ میں اپنے ساتھ کام کرنے والوں کو اچھا کام جاری رکھنے کی ہدایت کرتا ہوں۔
ڈاکٹر ظفر مرزا نے شعبۂ صحت سے تعلق رکھنے والے افراد کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ آپ اہم خدمات سرانجام دے رہے ہیں اور مجھے آپ پر فخر ہے۔
<327> I have tested positive for COVID-19. Under med advice I have isolated myself at home & taking all precautions. I have mild symptoms. Please keep me in your kind prayers. Colleagues, keep up the good work! You are making a big difference & I am proud of you.
— Zafar Mirza (@zfrmrza) July 6, 2020
قبل ازیں وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیرِ سیفرون و انسدادِ منشیات شہریار آفریدی اور تحریکِ انصاف کے اہم رہنما کورونا وائرس کا شکار ہوچکے ہیں ۔
کورونا وائرس کا شکار ہونے والوں میں اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف، سابق وزیرِ اعظم شاہد خاقان عباسی، گورنر سندھ عمران اسماعیل ، وزیرِ تعلیم سندھ سعید غنی اور دیگر شامل ہیں۔
یاد رہے کہ اس سے قبل پاکستان میں کورونا وائرس سے 2 لاکھ 31ہزار818 افراد متاثر ہوئے جبکہ وائرس کے باعث جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 4ہزار 762 ہو گئی۔
سرکاری اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران وائرس کے 3 ہزار 344نئے کیسز کی تصدیق ہوئی جبکہ وائرس کے باعث 50مزید پاکستانی شہری زندگی کی بازی ہار گئے۔
مزید پڑھیں: پاکستان میں کورونا وائرس سے 4 ہزار 762افراد جاں بحق