ڈاکٹر یاسمین راشد کی طبیعت بگڑ گئی، جن کو جیل سے ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ عدالت کے کئی بار کے تحریری حکم کے باوجود ان کا علاج مبینہ طور پر دیر سے کیا جارہا ہے۔
نجی ٹی وی جیو نیوز نے ذرائع کے حوالے سے تصدیق کی ہے کہ ڈاکٹر یاسمین راشد کو کوٹ لکھپت جیل سے شوکت خانم ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ یاسمین راشد کے وکیل رانا مدثر نے کہا کہ عدالت نے کئی بار تحریری حکم دیا کہ ڈاکٹر یاسمین راشد کا علاج کروایا جائے۔
وکیل رانا مدثر کا کہنا ہے کہ علاج دیر سے کروانے پر سابق صوبائی وزیر ڈاکٹر یاسمین راشد کی طبیعت زیادہ خراب ہوئی۔ پی ٹی آئی رہنما یاسمین راشد کے کینسر سے متعلق کچھ ٹیسٹ ہونے پر صورتحال واضح ہوجائے گی۔
گزشتہ برس سے زیر حراست ڈاکٹر یاسمین راشد پر 9 مئی حملوں سمیت دیگر سنگین الزامات عائد کیے گئے ہیں اور پی ٹی آئی رہنماؤں کی جانب سے احتجاج کے دوران ڈاکٹر یاسمین راشد کو 12 مئی کے روز گرفتار کیا گیا تھا۔
رواں برس مئی کے دوران ڈاکٹر یاسمین راشد کوٹ لکھپت جیل میں طبیعت ناساز ہونے پر سروسز ہسپتال لاہور منتقل کی گئی تھیں۔ ان کے وکیل ایڈووکیٹ رانا مدثر کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر یاسمین راشد کو ہوموگلوبن کی سطح برقرار رکھنے میں بھی مشکلات کا سامنا ہے۔