پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما و سابق وفاقی وزیرِ داخلہ احسن اقبال کو سوشل میڈیا پر احمد فرازؔ کا شعر سنانا مہنگا پڑ گیا، وزیرِ اعظم کے معاونِ خصوصی ڈاکٹر شہباز گِل نے انہیں سادہ نثر میں کرارا جواب دے دیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں احسن اقبال نے فرازؔ کا شعر لکھا:
ہم کو اس شہر میں تعمیر کا سودا ہے جہاں
لوگ معمار کو چن دیتے ہیں دیوار کے ساتھ
دوسری جانب معاونِ خصوصی برائے سیاسی ابلاغ ڈاکٹر شہباز گِل نے ردِ عمل دیتے ہوئے کہا کہ شکر منائیں کہ آپ جیسے معمار پاکستان میں پائے جاتے ہیں۔ اگر بیرونِ ملک ہوتے تو نتیجہ کچھ اور نکلتا۔
معاونِ خصوصی ڈاکٹر شہباز گِل نے کہا کہ اگرآپ کسی اور ملک میں اورنج لائن جیسے سفید ہاتھی کو عوام کے سر تھوپنے کی کوشش کرتے تو آپ جیسے نااہل معماروں کو محاورتاً نہیں بلکہ حقیقتاً چُن دیا جاتا۔
ڈاکٹر شہباز گِل نے ن لیگی دورِ حکومت میں ہونے والی کرپشن کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ہوسکتا ہے آپ کو اُس کھجور کے درخت کے ساتھ باندھ دیاجاتا جو آپ نے لاکھوں روپے میں بیچے۔
شکر منائیں کہ آپ جیسے معمار پاکستان میں پائے جاتے ہیں، اگر باہر کسی ملک میں اورنج لائن جیسے سفید ہاتھی کو عوام کے سر تھوپنے کی کوشش کرتے تو آپ جیسے نااہل "معماروں" کو محاورتاً نہیں حقیقتاً "چُن" دیا جاتا۔یا اس کھجور کے درخت کے ساتھ باندھ دیا جاتا جو آپ نے لاکھوں روپے میں بیچے۔ https://t.co/Rztb78XVp0
— Dr. Shahbaz GiLL (@SHABAZGIL) July 12, 2020
یہ بھی پڑھیں: احسن اقبال لاعلم، زلفی بخاری نے ارسطو قرار دے دیا