اسلام آباد: امارات اسلامیہ افغانستان کو درپیش مسائل پر منعقدہ کل جماعتی قومی کانفرنس کا اعلامیہ زیرصدارت مولانا حامد الحق حقانی (امیر جمعیت علماء اسلام پاکستان و چیئرمین دفاع پاکستان کونسل)17دسمبر (اسلام آباد) جمعیت علماء اسلام پاکستان کے زیراہتمام منعقدہ کل جماعتی قومی کانفرنس کی صدارت جمعیت کے مرکزی امیر مولاناحامد الحق حقانی نے کی جس میں علماء کرام،مشائخ عظام،زعمائے ملت، قومی قائدین اور دینی، سیاسی جماعتوں کے سربراہان نے شرکت کی اورامارت اسلامیہ اورافغانستان کے عوام کے ساتھ یکجہتی اور درپیش مسائل کو حل کرنے کے لئے لائحہ عمل مرتب کرنے کے عنوان پر تبادلہ خیال اور اپنی تجاویز پیش کیں۔
امریکہ اوراس کے اتحادی ممالک نے دوحہ معاہدہ سے انحراف کی راہ اختیار کرتے ہوئے افغان حکومت کوناکام بنانے کے لئے اقدامات شروع کررکھے ہیں جن کا عالمی قوانین اور اقدار کے اعتبار سے کوئی جواز نہیں۔ 14اگست 2021 سے آج پانچ ماہ گزرنے کے باوجود امارت اسلامیہ کے ساتھ سفارتی تعلقات قائم کرنے اوراس حکومت کو تسلیم کرنے سے گریز کیا جارہا ہے اوراس پر پابندیاں عائد کی گئی ہیں بلکہ خود افغانستان کے اربوں ڈالر کے اثاثوں کو منجمد کرکے افغان قوم کی زندگی اجیرن کرنے کا طرز عمل اختیا رکیا گیا ہے۔