لاہور:مسلم لیگ (ن) پنجاب کی سیکرٹری اطلاعات عظمیٰ بخاری نے پنجاب میں مہنگی چینی فروخت ہونے کا ذمہ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کو قرار دیتے ہوئے کہاکہ میاں اسلم اقبال اور سابق وزیر خوراک سمیع اللہ چوہدری بھی اس جرم میں برابر کے شریک ہیں۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ چینی انکوائری کمیشن میاں اسلم اقبال اور سمیع اللہ چوہدری کو بھی انکوائری کیلئے طلب کریں۔اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ چینی مہنگی فروخت کرکے پنجاب کے عوام کی جیبوں پر 100ارب کا ڈاکہ ڈالا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عثمان بزدار،میاں اسلم اقبال اورسمیع اللہ چوہدری ایک دوسرے کو شیلٹر دے رہے ہیں۔چینی اور آٹے کی چوری عمران اور بزدار حکومت کے خاتمے کا باعث بنے گی۔عہدوں کے پیچھے چھپنے والے احتساب کا سامنا کرنے کی جرات پیدا کریں۔
مسلم لیگ(ن) تین سالوں سے جعلی اور انتقامی احتساب کا مقابلہ کررہی ہے۔نوازشریف،مریم نواز،شہباز شریف اور حمزہ شہبازنے تین سالوں میں سینکڑوں پیشیاں بھگتی ہیں۔
انہو ں نے کہا کہ پاکستان کی کوئی عدالت مسلم لیگ (ن) کی لیڈر شپ پر ایک دھیلے کی کرپشن ثابت نہیں کرسکی۔عمران خان دلیر وزیراعظم بنیں اور چینی انکوائری کمیشن میں پیش ہوں۔ان کا کہنا تھا کہ عمران صاحب آپ نے قوم سے وعدہ کیا تھا احتساب کا عمل خود سے شروع کرو گا۔عمران صاحب اب آپ کے احتساب کا وقت آچکا ہے۔